Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور میں بچے کو ٹرین سے بچاتے ہوئے پولیس اہلکار ہلاک

راوی روڈ کے علاقے میں بچہ کھیلتے ہوئے ریلوے ٹریک پر پھنس گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
لاہور میں ایک بچے کو بچاتے ہوئے پولیس کے ایک ریٹائرڈ سب انسپکٹر ہلاک ہو گئے ہیں۔
لاہور پولیس کے ترجمان کے مطابق ’ہلاک ہونے والے سابق اہلکار کا نام محمد صدیق ہے اور انہوں نے لاہور کے علاقے راوی روڈ کے قریب ریلوے ٹریک پر ایک بچے کی بچانے کی کوشش میں ٹرین کی زد میں آ کر اپنی جان گنوا دی۔‘
پولیس کے مطابق ان کی نعش کو ضروری کارروائی کے بعد ورثہ آبائی علاقے شیخوپورہ لے جا چکے ہیں۔
محمد صدیق کو ان کی بہادری پر لاہور کے ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم نے ’پولیس کا ہے فرض مدد آپ کی‘ کے وعدے کو پورا کیا۔
ان کی اس قربانی کو سوشل میڈیا پر بھی سراہا جا رہا ہے۔
فرحان خان نامی ایک ٹوئٹر صارف نے لکھا ’ایک بچہ کھیلتے ہوئے پٹریوں کے درمیان پھنس گیا تھا، جسے بچاتے ہوئے سب انسپکٹر نے قربانی دی۔‘

ایک اور ٹوئٹر صارف حسن سید نے بھی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’لاہور پولیس کے سب انسپکٹر محمد صدیق فرض کی ادائیگی میں شہید ہوئے۔‘

 

شیئر: