Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی شرط: ’پاکستانی مسافر امارات نہ جاسکے‘

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق ’نئی شرط کی وجہ سے کئی مسافروں کو جہاز سے آف لوڈ کردیا گیا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
اماراتی حکام کی جانب سے پاکستان سے امارات سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کورونا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی نئی شرط سے بے شمار پاکستانی مسافر متحدہ عرب امارات نہ جاسکے۔
جمعے کے روز پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’نئی شرط کی وجہ سے کئی مسافروں کو جہاز سے آف لوڈ کردیا گیا۔‘
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یو اے ای کی جانب سے پاکستان اور کچھ دیگر ممالک کے لیے نئے سخت اقدامات کے باعث ایئرلائنز کی جانب سے مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑا۔‘
سی اے اے کے مطابق ’اماراتی حکام کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے مسافروں سے 48 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ اور کورونا ویکسنیشن سرٹیفیکیٹ کی شرط عائد کی گئی ہے۔‘
 ’مسافروں کے لیے سفر سے قبل فیڈرل اتھارٹی اینڈ سیٹزن شپ سے منظوری حاصل کرنے کی بھی شرط عائد کی گئی ہے۔‘  
تاہم جمعے کو مسافروں کو پرواز سے چند گھنٹے قبل ’کورونا ریپڈ پی سی آر‘ ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی تاہم پاکستان میں حکام کے مطابق ’کورونا ریپڈ پی سی آر‘ ٹیسٹ کی سہولت کی موجود نہیں ہے۔
پاکستان میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے ایئر لائنز نے امارات جانے والے مسافروں کے لیے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ صرف ٹرانزٹ پروازیں ہی چلائی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ یہ شرائط صرف امارات جانے والے مسافروں پر عائد کی گئی ہے۔  
 پاکستانی حکام اس ’نئی بندش‘ سے کیسے نمٹ رہے ہیں؟  
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے ترجمان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’پی آئی اے نے بھی کورونا ریپڈ پی سی آڑ ٹیسٹ کی شرط کے باعث دبئی جانے والے مسافروں کے لیے پروازیں معطل کردی ہیں۔‘

پی آئی اے نے کورونا ریپڈ پی سی آڑ ٹیسٹ کی شرط کے باعث دبئی جانے والے مسافروں کے لیے پروازیں معطل کردیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان میں کسی لیب یا ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت موجود ہی نہیں ہے، اور یہ معاملہ اماراتی حکام کے سامنے اٹھایا گیا ہے، امید ہے جلد کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا۔‘  
ترجمان پی آئی اے کے مطابق ’ان کی ایئرلائن کی جمعے کی صبح ایک ایک پرواز دبئی اور شارجہ کے لیے روانہ ہوئی، تاہم اس وقت ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی شرط لاگو نہیں کی گئی تھی۔‘ 
اسلام آباد میں ٹریول ایجنٹ احمد یاسین کے مطابق ’پاکستان میں ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ انڈیا نے ایک ہفتے قبل ہی اپنے ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی تھی۔‘  
انہوں نے کہا کہ ’مسافروں کے لیے اس وقت صورتحال غیر یقینی ہے اور ایسے موقع پر وہ اپنی فضائی کمپنی اور ٹریول ایجنٹس سے رابطے میں رہیں تاکہ ان کو بروقت درست معلومات مل سکیں۔‘  

شیئر: