Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان سمیت چار ممالک سے پروازوں پر پابندی میں توسیع کا امکان: اتحاد ایئرلائن

اتحاد ایئر ویز نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ چار ممالک سے پروازیں 7 اگست تک معطل رہیں گی۔ (فوٹو: ایئر ٹیم)
متحدہ عرب امارات کی دوسری بڑی ایئرلائن اتحاد ایئر ویز نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت جنوبی ایشیا سے پروازوں پر پابندی کو 7 اگست سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
اتحاد ایئرلائن نے اتوار کو اماراتی میڈیا کو جاری بیان میں 7 اگست تک پروازوں میں پابندی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس (پابندی) میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ صورتحال میں ’تبدیلی‘ آ رہی ہے۔
خیال رہے کہ اتحاد ایئر ویز نے گذشتہ ماہ اعلان کیا تھا کہ چار ممالک سے پروازیں 7 اگست تک معطل رہیں گی۔
ایئرلائن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات کی نئی ہدایات کے مطابق انڈیا، پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا سے مسافروں کے آنے اور اتحاد کے نیٹ ورک کو 7 اگست تک منسوخ کر دیا گیا ہے۔‘
’براہ کرم نوٹ فرما لیں کہ یہ ایک ابھرتی ہوئی صورتحال ہے اور اس تاریخ کو حکومتی مینڈیٹ کے مطابق آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔‘
چاروں ممالک جو کورونا وائرس سے نبرد آزما ہیں، کے مسافروں کو متحدہ عرب امارات آنے سے روک دیا گیا ہے۔ صرف امارات کے شہریوں، سفارت کاروں، سرکاری وفود، گولڈن ویزا ہولڈرز اور ایکسپو 2020 دبئی کے شرکا کو داخلے کی اجازت ہے لیکن انہیں قرنطینہ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔

شیئر: