Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلائی دبئی نے پاکستان سے پروازیں معطل کر دیں

فلائی دبئی کا کہنا ہے کہ ’ٹرانزٹ مسافروں کے لیے پروازیں جاری رہیں گی۔‘ (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی فلائی دبئی کی جانب سے پاکستان سے دبئی جانے والی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
جمعے کو فضائی کمپنی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق ’پاکستان سے اماراتی رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے مسافروں کو لے جانے کے لیے فضائی آپریشن کو معطل کر دیا ہے تاہم ٹرانزٹ مسافروں کے لیے پروازیں جاری رہیں گی۔‘  
خیال رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد اور کراچی سے امارات جانے والی پروازوں سے مسافروں کو آف لوڈ کر دیا گیا تھا۔
ایمریٹس فلائیٹ انکوائری نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’مسافروں کے پاس کورونا ریپڈ پی سی آر نہ ہونے کے باعث متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کو آف لوڈ کیا گیا جبکہ پرواز صرف ٹرانزٹ مسافروں کو ہی لے کر روانہ ہوئی ہے۔‘
اس حوالے سے ٹریول ایجنٹ عامر مشتاق نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے حوالے سے چیزیں واضح نہیں ہو رہیں۔‘
’اماراتی حکام نے رہائشی اجازت نامہ رکھنے والوں کو داخلے کی مشروط اجازت دے رکھی ہے تاہم پرواز سے چار گھنٹے قبل کورونا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’مسافروں کی جانب سے 48 گھنٹے قبل کا کورونا ٹیسٹ اور ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بھی جمع کروایا گیا ہے تاہم ایئر لائنز نے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی بھی شرط عائد کر دی ہے جس سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔‘
عامر مشتاق کے مطابق ’اس وقت صرف ٹرانزٹ پروازوں کو ہی بورڈنگ پاس دیے جا رہے ہیں، جبکہ ایئر بلیو اور پی آئی اے کی پروازیں سسٹم میں موجود ہیں لیکن خدشہ ہے کہ انہیں بھی منسوخ کر دیا جائے گا۔‘

شیئر: