Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ،  امارات جانے والے پاکستانی مسافروں پر ’نئی بندش‘؟

متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور انڈیا سمیت چھ ممالک سے آنے والی پروازوں کے داخلے کی مشروط اجازت دی تو پاکستانی مسافروں کے لیے ایک ’نئی بندش‘ سامنے آگئی۔ 
جمعے کے روز پاکستان کے مختلف ایئر پورٹس سے امارات جانے والے مسافروں کو ’کورونا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ‘ نہ ہونے کے باعث بورڈنگ پاس جاری کرنے سے انکار کر دیا گیا۔  
اماراتی حکام کی متحدہ عرب امارات میں رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے مسافروں سے 48 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ اور کورونا ویکسنیشن سرٹیفیکیٹ کی شرط عائد کی گئی تھی۔ مسافروں کو سفر سے قبل فیڈرل اتھارٹی اینڈ سیٹزن شپ سے منظوری حاصل کرنے کی بھی شرط عائد کی گئی ہے۔  
تاہم جمعے کو مسافروں کو پرواز سے چند گھنٹے قبل ’کورونا ریپڈ پی سی آر‘ ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی تاہم پاکستان میں حکام کے مطابق ’کورونا ریپڈ پی سی آر‘ ٹیسٹ کی سہولت کی موجود نہیں۔ 
پاکستان میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے ایئر لائنز نے امارات جانے والے مسافروں کے لیے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ صرف ٹرانزٹ پروازیں ہی چلائی جارہی ہیں۔ 
خیال رہے کہ یہ شرائط صرف امارات جانے والے مسافروں پر عائد کی گئی ہے۔  
کراچی ایئر پورٹ سے دبئی جانے والے محمد دانیال نے اردو نیوز کو بتایا ’ایئر لائنز کی جانب سے گذشتہ رات بتایا گیا کہ ’ریپڈ پی سی آر‘ ٹیسٹ سفر سے چار گھنٹے قبل کروانا ضروری ہے جس کے لیے ایئر لائنز سے منظور شدہ لیبز پر ٹیسٹ کروانے گئے تو بتایا گیا کہ ’ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ‘ کی سہولت پاکستان میں موجود نہیں ہے، ’ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ‘ ہی کیا جائے گا تاہم صبح جب ایئر پورٹ پر پہنچے تو  بورڈنگ پاس جاری کرنے سے روک دیا گیا اور پرواز امارات جانے والی تمام مسافروں کو چھوڑ کر ٹرانزٹ مسافروں کو لے کر روانہ ہوگئیں۔‘ 

پاکستان میں ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت موجود نہیں ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستانی حکام اس ’نئی بندش‘ سے کیسے نمٹ رہے ہیں؟  
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے ترجمان نے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’پی آئی اے نے بھی کورونا ریپڈ پی سی آڑ ٹیسٹ کی شرط کے باعث دبئی جانے والے مسافروں کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔‘  
انہوں نے بتایا کہ ’پاکستان میں کسی لیب یا ایئر پورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت موجود ہی نہیں ہے، اور یہ معاملہ اماراتی حکام کے سامنے اٹھایا ہے امید ہے جلد کوئی نہ کوئی حل نکل آئے گا۔‘  
پاکستان کی سرکاری فضائی کمپنی کے ترجمان کے مطابق ’پی آئی اے کی آج علی الصبح ایک ایک پرواز دبئی اور شارجہ کے لیے روانہ ہوچکی ہے تاہم اس وقت ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی شرط لاگو نہیں کی گئی تھی۔‘  
اسلام آباد میں ٹریول ایجنٹ احمد یسین کے مطابق ’پاکستان میں ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جبکہ انڈیا نے ایک ہفتے قبل ہی اپنے ایئر پورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کر دی تھی۔‘  
انہوں نے کہا کہ مسافروں کے لیے اس وقت غیر یقینی کی صورتحال ہے اور ایسے موقع پر وہ اپنے فضائی کمپنی اور ٹریول ایجنٹس سے رابطے میں رہیں تاکہ ان کو بروقت درست معلومات مل سکے۔  

شیئر: