Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اردن کی سیکیورٹی فورس نے شام کی سرحد پر سمگلر ہلاک کر دیا

اردن طویل عرصہ سے علاقے میں استحکام کی کوشش کر رہا ہے۔ (فوٹو الشرق اوسط)
اردن کی فوج نے ہفتےکے روز بتایا ہے کہ  پڑوسی ملک شام سے منشیات اور ہتھیاروں کی سمگلنگ کی ایک کوشش سرحد پر ہی ناکام بنا دی گئی ہے۔
امریکی نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق اردن کی فوج نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ اس نے منشیات کی ایک بڑی کھیپ کے ساتھ کچھ  گولہ بارود بھی قبضے میں لیا ہے۔

اردن ساڑھے چھ لاکھ سے زیادہ  شامی مہاجرین کی میزبانی کر رہا ہے۔ (فوٹو اے پی)

سمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے فورسز کی جانب سے فائرنگ سے ایک سمگلر ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔
سمگلروں کے گروہ کے دیگرارکان واپس شام کی جانب  بھاگ گئے ہیں جب کہ مڈ بھیڑ کی جگہ  سے ایک مواصلاتی آلہ بھی قبضے میں لیا گیا ہے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے  یہ واقعہ مشرقی اردن کے سرحدی علاقے  میں ہفتہ کو صبح سویرے پیش آیا۔ سمگلنگ کی اس کوشش کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

شام  سے اردن میں 5 لاکھ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ (فوٹو عرب نیوز)

علاوہ ازیں اردن کے خبر رساں ادارے پیٹرا نیوز نے گذشتہ بدھ کو ایک خبر جاری کی تھی جس میں بتایا گیا تھا کہ شام کےعلاقے سے اردن میں پانچ لاکھ نشہ آور گولیاں سمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا۔
واضح رہے کہ اردن مغربی اتحادی کے طور پر طویل عرصہ سے ہنگامہ خیزعلاقے میں استحکام پیدا کرنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔
علاوہ ازیں اردن ایک عرصہ سے ساڑھے چھ لاکھ سے زیادہ  شامی مہاجرین کی میزبانی بھی کر رہا ہے۔
 

شیئر: