Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی اے کی پاکستان میں سام سنگ موبائل تیار کرنے کی اجازت

پریس ریلیز کے مطابق ’پاکستان میں سام سنگ موبائل ڈیوائسز بنانے کی اجازت ایک اہم کامیابی ہے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو سام سنگ موبائل ڈیوائسز کی تیاری کی اجازت دی ہے۔
منگل کو پی ٹی اے کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق ’پی ٹی اے نے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ (ایم ڈی ایم) ریگولیشنز 2021 کے تحت، لکی موٹر کارپوریشن لمیٹڈ کو سام سنگ برانڈ موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے ایم ڈی ایم کی اجازت جاری کر دی ہے۔‘
کمپنی نے کراچی میں سام سنگ برانڈ کے موبائل ڈیوائسز کی تیاری کے لیے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹ لگانے کی اجازت کے لیے درخواست دی تھی۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان میں سام سنگ موبائل ڈیوائسز بنانے کی اجازت ایک اہم کامیابی ہے جس سے پاکستانی مارکیٹ میں بڑے مقامی اور غیر ملکی پلئیرز کی موجودگی کو یقینی بناتے ہوئے  متحرک موبائل مینوفیکچرنگ  کےماحولیاتی نظام میں بھرپور تبدیلی آئے گی۔‘
’یہ صرف حکومت پاکستان کی ’ڈیجیٹل پاکستان‘ کے حوالے سے جاری کوششوں کے نتیجے میں سازگار پالیسیوں کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔‘
مزید کہا گیا ہے کہ ’پی ٹی اے کی طرف سے اب تک 25 غیر ملکی اور مقامی کمپنیوں کو موبائل ڈیوائسز (2G/3G/4G) کی مقامی سطح پر تیاری کی اجازت دے دی گئی ہے۔‘
’ان کمپنیوں کی جانب سے تیار کردہ موبائل ڈیوائسز نہ صرف ملک میں فروخت ہوں گی بلکہ خطے کی دیگر مسابقتی مارکیٹ میں بھی برآمد کی جائیں گی۔ موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پلانٹس پاکستان میں صارفین کو روزگار کے نئے مواقع اور کم قیمت  فون سیٹوں کی فراہمی  میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام ایم ڈی ایم اتھورائزیشن ہولڈرز کی تفصیلات پی ٹی اے کی ویب سائٹ www.pta.gov.pk پر موجود ہیں۔

شیئر: