Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پشاور ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ، دبئی اور شارجہ کے لیے فلائٹس کا آغاز

اب تک ساڑھے چار سو مسافر ایمریٹس اور ائیر عریبہ کے ذریعے شارجہ اور دبئی پہنچ چکے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
پشاور کے باچا خان ایئر پورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت کے ساتھ ہی دبئی اور شارجہ کے لیے پروازوں کا آغاز ہو گیا ہے۔
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک ترجمان سعد بن ایوب نے بتایا کہ ڈی جی سول ایوی ایشن کی درخواست پر پشاور ائرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر کی سہولت مناسب قیمت میں فراہم کی جا رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب تک ساڑھے چار سو مسافر ایمریٹس اور ائیر عریبہ کے ذریعے شارجہ اور دبئی پہنچ چکے ہیں اور وہاں بھی ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں اس طرح لیبارٹری کا نتیجہ سو فیصد آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شاہین لیبز اور خان لیبز نے متحدہ عرب امارات کی مطلوبہ صلاحیت کے ساتھ ٹیسٹوں کی سہولت کا آغاز کر دیا ہے۔ مسافروں کے جانے سے چار گھنٹے قبل ان کا ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان خاقان مرتضیٰ نے کہا تھا کہ ’متحدہ عرب امارات کے لیے مسافروں کو درپیش مسائل کا بخوبی احساس ہے، اور اس ضمن میں وزارت خارجہ سے رابطے میں ہیں جبکہ ریپڈ ٹیسٹ پی سی آرٹیسٹ کے لیے درکار مشینوں کی دستیابی میں کچھ وقت درکار ہے۔‘
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک ترجمان سعد بن ایوب کا کہنا تھا کہ ’سول ایوی ایشن، وزارت خارجہ اور ایئر لائنز مسلسل رابطے میں ہیں اور جلد ایمرٹس اور دیگر ایئرلائنز کی منظور شدہ لیبارٹریز کی لاہور اور کراچی ایئرپورٹ پر تنصیب کا کام شروع کر دیا جائے گا۔‘
قبل ازیں  ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی خاقان مرتضیٰ نے سی اے اے ہیڈ کوارٹرز کراچی میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ’متحدہ عرب امارات جانے والے زیادہ گنجائش والے جہازوں کے مسافروں کے لیے فوری طور پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ ممکن نہیں ہے جس کی وجہ سے سی اے اے کو مشکلات کا سامنا ہے۔‘
’اماراتی حکام کی جانب سے پی سی آر رپیڈ ٹیسٹ کے لیے لیبارٹریز منتخب کرنا ایئرلائنز کا کام ہے، پاکستانی لیبارٹریز نے پی سی آر ریپڈ ٹیسٹ کے لیے مشینوں کو آلات کی فراہمی کا آرڈر دے دیا ہے۔‘

ترجمان سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ  شاہین لیبز اور خان لیبز نے امارات کی مطلوبہ صلاحیت کے ساتھ ٹیسٹوں کی سہولت کا آغاز کر دیا ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)

انہوں ںے کہا کہ ’اس حوالے سے سی اے اے ملک کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ایئرلائنز کی منتخب لیبارٹریز کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے۔‘
یاد رہے کہ اس وقت متحدہ عرب امارات جانے والے مسافروں کے لیے پاکستان میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت صرف سیالکوٹ ایئرپورٹ پر دستیاب تھی
سیالکوٹ میں قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی منظور شدہ لیبارٹری پہلے ہی قائم کر دی گئی ہے۔
اس سے قبل فلائی دبئی کے ایک اعلان میں کہا گیا تھا کہ ’اس کی ہفتہ وار چھ پروازیں سیالکوٹ سے متحدہ عرب امارات کے لیے روانہ ہوں گی۔‘

شیئر: