Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیلٹا وائرس: ویکسین کی تیسری اور چوتھی خوراک لگوانا پڑے گی

اس وقت پوری دنیا ڈیلٹا وائرس سے متاثر نظر آرہی ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’کورونا کی بدلتی ہوئی قسمیں زیادہ خطرناک ہیں جو تیزی سے پھیل رہی ہیں-‘
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت صحت نے کہا ہے کہ ’سعودی شہری اور مقیم غیر ملکی پہلی فرصت میں کورونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا لیں اور ایس او پیز کی پابندی جاری رکھیں۔‘
دوسری جانب متعدی امراض کے ماہرین نے کہا ہے کہ ’کورونا ویکسین کی تیسری خوراک ناگزیر ہوگی- کئی ملکوں نے اس کا سلسلہ شروع کردیا ہے-‘
سبق، المرصد اور اخبار 24 کے مطابق ڈاکٹر علی الشہری نے کہا کہ سعودی عرب میں ’کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کے کئی کیسز ریکارڈ پر آئے ہیں-‘
الاخباریہ سے گفتگو کرتے ہوئے الشہری نے کہا کہ ’ڈیلٹا وائرس پوری دنیا میں پھیل جائے گا- سعودی عرب دنیا سے الگ تھلگ ملک نہیں ہے- پوری دنیا اس سے متاثر نظر آرہی ہے-‘
الشہری نے کہا کہ ’بالآخر ہمیں تیسری خوراک کی ضرورت پڑے گی-‘ الشہری نے کہا کہ ’وائرس کی بدلتی ہوئی قسموں کا ہمیں پوری طرح علم نہیں ہے- مستقبل میں ان کی تعداد بڑھ سکتی ہے- اس کا بھی امکان ہے کہ ہمیں چوتھی اور پانچویں خوراک بھی لگوانی پڑ جائے-‘
الشہری نے کہا کہ ’طبی جائزوں سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ معمر افراد، خطرناک بیماریوں میں مبتلا افراد اور کینسر کے مریضوں کو تیسری خوراک لگوانا ہوگی-‘
متعدی امراض کے ایک اور ماہر ڈاکٹر طاہر الازرقی سے الاخباریہ چینل کے مباحثے میں دریافت کیا گیا کہ کیا ویکسین کی تیسری خوراک لازمی ہوسکتی ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ ’جی ہاں کئی ملکوں نے تو اس کا سلسلہ شروع بھی کردیا ہے- مشاہدے میں آرہا ہے کہ ویکسین لگوانے کے چھ ماہ بعد مدافعتی نظام اور اینٹی باڈیز انسانی جسم میں کمزور پڑنے لگتی ہیں- ایسی صورت میں وائرس حملہ آور ہوسکتا ہے-‘
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: