Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب اتحاد نے حوثیوں کا بیلسٹک میزائل تباہ کردیا

حوثی ملیشیا سول تنصیبات اور شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے( فوٹو عرب نیوز)
سعودی عرب کی ایئر ڈیفینس نے یمن سے حوثی ملیشیا کا ایک اور حملہ ناکام بنایا ہے۔
نجران کی طرف داغے جانے والا بیلسٹک میزائل  کو ہدف پر پہنچنے سے قبل راستے میں روک کر تباہ کردیا۔
الاخباریہ کے مطابق عرب اتحاد نے بیان میں کہا کہ ’ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا سعودی عرب میں سول تنصیبات اور شہریوں کو مسلسل نشانہ بنا رہی ہے‘۔  
بیان کے مطابق ’عرب اتحاد سول تنصیبات اور شہریوں کو دشمن کے حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے عملی اقامات اٹھا رہا ہے‘۔
علاوہ ازیں نجران پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل  حملے پر مسلم اور عرب دنیا نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثیمین نےعالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ ’وہ حوثیوں کی جانب سے شہریوں اور سول تنصیبات پر ڈرونز اور بیلسٹک میزائلوں کے مسلسل حملے بند کرانے کے لیے ٹھوس موقف اختیار کرے‘۔ 
انہو ں نے پھر یقین دہانی کرائی کہ ’او آئی سی سعودی عرب کی سرحدوں، امن و استحکام، مقامی شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کے تحفظ کے لیے حوثیوں کے خلاف جو اقدامات کرے گا او آئی سی ساتھ ہوگی‘۔ 
عرب پارلیمنٹ نے او آئی سی کے موقف سے اتفاق کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ حوثیوں کے دہشت گردانہ جرائم کو رکوانے کے لیے فیصلہ کن اور ٹھوس فوری اقدامات کرے۔ ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کو مملکت کے خلاف حملوں سے روکا جائے۔

مسلم اور عرب دنیا نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے(فوٹو ٹوئٹر)

عرب پارلیمنٹ نے بیان میں کہا کہ حوثی جو کچھ کررہے ہیں وہ بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی دستاویزات کی خلاف ورزی ہے۔
بیان میں  سعودی عرب سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ سعودی عرب کا امن عربوں کی قومی سلامتی کا اٹوٹ حصہ ہے۔
 کویتی وزارت خارجہ نے اتوار کو بیان جاری کرکے نجران پر حوثیوں کے بیلسٹک میزائل کے حملے کی مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ نے بیان میں کہا کہ حوثیوں کا سعودی سول تنصیبات اور شہریوں پر بار بار حملہ کرنا بین الاقوامی اور انسانی قانون کے ضوابط کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
اس کا تقاضہ ہے کہ عالمی برادری حوثیوں کے حملے بند کرانے اور حملے کرنے والوں کے احتساب کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے۔ 
بحرینی دفتر خارجہ نے بیان میں اس امر کی بھی یقین دہانی کرائی کہ وہ حوثیوں کے خلاف سعودی عرب کی ہر کارروائی اور ہر اقدام میں اس کے ساتھ ہے۔
بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ حوثیوں کو بین الاقوامی اور انسانی قانون نیز تمام اخلاقی اقدار کی خلاف ورزیوں سے باز رکھنے کی ہر ممکن کوشش کرے۔

شیئر: