Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ کے منافعے میں 62 فیصد اضافہ

سعودی ریسرچ اینڈ میڈیا گروپ ’ایس آر ایم جی‘ نے مالی سال کی پہلی  ششماہی کے دوران منافعے میں 62  فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے۔ 
عرب نیوز سمیت 30 سے زائد میڈیا اور اشاعتی کمپنیوں کی مالک ’ایس آر ایم جی‘ کمپنی کی جانب سے سعودی سٹاک ایکسچینج تداول میں جمع کرائے جانے والی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ اسے 226 ملین ریال (60.3 ملین ڈالر) کا خالص منافع ہوا ہے جو کہ سال 2020 کی پہلی ششماہی میں 140 ملین ریال تھا۔
سعودی ریسرچ اور میڈیا گروپ کا اہم تبدیلیوں پر مبنی نئی حکمت عملی کا اعلان
گذشتہ ماہ ہی سعودی ریسرچ اور میڈیا گروپ نے اہم تبدیلیوں پر مبنی نئی حکمتِ عملی کا اعلان کیا تھا جس میں فوکس نشری پلیٹ فارمز کو وسعت دینے، بین الاقوامی شراکت کاری اور پانچ اہم کاروباری مارکیٹس میں سٹریٹجک سرمایہ کاری پر ہوگا۔   
اس حکمت عملی کے تحت ایس آر ایم جی اپنی نئی لیڈرشپ ٹیم کی قیادت میں ڈیجیٹل اور سوشل پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنے صارفین تک اوریجنل اور معیاری مواد پہنچانے پر توجہ مرکوز کرے گی اور اس کے ساتھ ساتھ اپنی کیبل اینڈ سٹیلائٹ کی پہنچ کو مستحکم کرے گی۔


ایس آر ایم جی اپنی نئی لیڈرشپ ٹیم کی قیادت میں ڈیجٹیل اور سوشل پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنے صارفین تک اوریجنل اور معیاری مواد پہنچانے پر توجہ مرکوز کرے گا

ایس آر ایم جی نئی سروسز کے لیے اپنے ڈیٹا اور ٹیکنالوجی سے متعلق صلاحتیوں کو تسلسل کے ساتھ بہتر بنانے اور مونٹائزیشن کی صلاحیتیوں کو بڑھانے کے طریقوں پر کاربند ہے۔ 
ایس آر ایم جی کی چیف ایگزیکٹیو آفیسر جمانا الراشد کا کہنا تھا کہ ’پریمیئم مواد کی تخلیق، نئے پلیٹ فارم متعارف کروانے اور نئے عنوانات اور خدمات کے ذریعے اپنی رسائی کو وسعت دینے پر ہماری توجہ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ ایس آر ایم جی اس خطے کے میڈیا کے ڈیجیٹل مستقبل میں بنیادی کردار ادا کرے گا۔‘

شیئر: