Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات  ایوی ایشن نے افغانستان کے لیے پروازیں معطل کر دیں

ایمریٹس ائیرلائنز اور فلائی دبئی کی فلائٹس کو مجبورا واپس آنا پڑا تھا۔ (فوٹو عرب نیوز)
متحدہ عرب امارات کی جنرل ایوی ایشن  اتھارٹی نے  گذشتہ روز پیر کو افغانستان کے لیے تمام پروازیں معطل کر دیں۔
عرب نیوز کے مطابق کابل کے حامد کرزئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ہزاروں  افراد دارالحکومت سے فرار ہونے کے لیے ائیرپورٹ کے رن وے تک پہنچ گئے تھے۔

سفارتکاروں کو نکالنے کے لیے مخصوص پروازوں کے لیے رن وے کھولا گیا۔ (فوٹو گلف بزنس

امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (جی سی اے اے) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان میں ہونے والی مختلف کارروائیوں اور موجودہ صورتحال کا قریب سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ امارات کی ایئرلائنز کے محفوظ آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ حکام ائیرلائنز اتھارٹی کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔
ہوابازی سے متعلقہ ادارے نے واضح کیا ہے کہ اس فریم ورک کے تحت سول ایوی ایشن کی حفاظت اور سلامتی کو ترجیح دی جائے گی۔

افغانستان  کی تازہ ترین صورتحال کا قریب سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔ (فوٹو گلف نیوز)

واضح رہے کہ طالبان نے گذشتہ چند دن کے اندر اندر افغانستان کے بڑے شہروں کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد کابل کے صدارتی محل پر قبضہ کر لیا ہے جس کے نتیجے میں افغان صدر اشرف غنی کو ملک چھوڑکر بھاگنا پڑا جس کے نتیجے میں افغانستان کی حکومت ٹوٹ گئی ہے۔
دبئی  کی ائیر لائنز   ایمریٹس اور فلائی دبئی نے افغانستان میں سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کی وجہ سے کابل کے لیے اپنی تمام پروازوں کو  آئندہ نوٹس تک بند کر دیا ہے۔

ایئرلائنز کے محفوظ آپریشن کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ (فوٹو ٹوئٹر)

گذشتہ روز کابل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے لیے کلیئرنس نہ ملنے کی وجہ سے ایمریٹس ائیرلائنز کی فلائٹ نمبر ای کے 640 اور فلائی دبئی کی فلائٹ نمبر ایف زیڈ 305 کو مجبورا دبئی واپس آنا پڑا تھا۔
دریں اثنا کابل ائیر پورٹ کے رن وے کو عوام کے ہجوم سے کلیئر کروانے کے بعد منگل کی صبح سے مختلف ممالک کے سفارتکاروں اور دوسرے شہریوں کو کابل سے نکال لے جانے کے لیے مخصوص فوجی پروازوں کے لیے رن وے کھول دیا گیا۔
امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے اپنے سفارتی اہلکاروں اور شہریوں کے محفوظ انخلا کو یقینی بنانے کے لیے بھیجے گئے فوجی دستے موجودہ صورتحال میں کابل ایئرپورٹ کی ذمہ داریاں سنبھالے ہوئے ہیں۔
 

شیئر: