تین ڈاکٹروں پر تشدد کرنے والوں کا کیس عدالت میں داخل
’صحت عملے پر زبانی تشدد کرنا یا حملہ کرنا جرم ہے، اس پر دس لاکھ ریال جرمانہ اور دس سال قید ہوسکتی ہے‘ ( فوٹو: العربیہ)
مکہ مکرمہ کے ہسپتال میں تین ڈاکٹر پر تشدد کرنے والے افراد کا کیس عدالت میں داخل کر دیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق چند دن قبل مکہ کے ایک ہسپتال میں بعض افراد نے تین ڈاکٹروں پر تشدد کیا تھا۔
تشدد کرنے والوں کا ایک عزیز ہسپتال میں انتقال کر گیا تھا جسے سرد خانے منتقل کر دیا گیا تھا۔
بحث و مباحثے کے دوران مذکورہ افراد مشتعل ہوگئے اور ڈاکٹروں کو برا بھلا کہنا شروع کردیا تھا۔ بعد ازاں نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی تھی۔
واقعے کی تفتیش کرنے والے ادارے نے کہا ہے کہ ’ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد کیس عدالت میں داخل کیا گیا ہے‘۔
’عدالت کے ذریعہ ہی ہر فریق کا فیصلہ ہوگا نیز قانونی چارہ جوئی ہوگی‘۔
واضح رہے کہ وزارت صحت اور وزارت داخلہ کے ضوابط کے مطابق صحت عملے پر حملہ کرنا، اسے زبانی تشدد کا نشانہ بنانا قانون کی نظر میں جرم ہے۔اس پر دس لاکھ ریال جرمانہ اور دس سال تک قید کی سزا ہوسکتی ہے۔