Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک سے آنے والے عمرہ زائرین کورونا کے دوران مثالی انتظامات پر خوش

بیرون ملک سے پہلی عمرہ پرواز 15 اگست کو جدہ پہنچی تھی(فوٹو ایس پی اے)
سعوی عرب میں بیرون مملکت سے  آنے والے زائرین نے کورونا وبا کے دوران مکہ آمد اور عمرے کی سعادت پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی عرب نے کورونا ووبا کے پھیلاؤ کو روکنے کےلیے بیروان ملک سے عمرہ زائرین پر عارضی پابندی عائد کی تھی۔
یکم محرم سے  بیرون ملک سے عمرہ زائرین کو ایس او پیز کے ساتھ عمرے کی اجازت دی گئی ہے۔ بیرون ملک سے پہلی عمرہ پرواز 15 اگست کو جدہ پہنچی تھی۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق امریکہ سے آنے والے عمرہ زائر اشفاق اقبال نے کہا کہ’ زائرین کے لیے سعودی عرب کی خدمات مثالی ہیں۔ مسجد الحرام  اور مسجد نبوی کی توسیع اور سہولتوں سے زائرین راحت محسوس کررہے ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’خطبات کے ترجمے کا پروگرام اچھی کاوش ہے اس سے دنیا بھر کے لوگوں تک مسجد الحرام کا پیغام آسانی سے پہنچ رہا ہے۔ اس سے اعتدال پسندی اور میانہ روی کی اہمیت اجاگر ہورہی ہے۔
یاد رہے کہ مقدس مساجد کی انتظامیہ الحرمین پلیٹ فارم سے خطبات، لیکچرز، دینی وعظ اور اسباق حرم متعدد زبانوں میں پیش کررہی ہے۔

 ان دنوں ہر روز 60 ہزار افراد کو عمرہ کرنے کا موقع دیا جارہا ہے (فوٹو: ایس پی اے)

الجزائر کے عمرہ زائر عبدالمجید نے کہا کہ ’زائرین کو وبا سے محفوظ رکھنے کے لیے انتظامات اور دیگر سہولتوں سے زائرین خود کو  پرسکون تصور کرر ہے ہیں ‘۔
’مسجد الحرام  میں معذوروں، بوڑھوں اور کمزوروں کے لیے ویل چیئرز کی سہولت قابل تعریف ہے جو لوگ زیادہ نہیں چل پاتے وہ  ویل چیئرز حاصل کرلیتے ہیں یہ بڑی سہولت ہے‘۔
قطر سے آنے والی والی کی عمرہ زائر ایمان احمد نے کہا کہ’ مسجد الحرام میں عمدہ خوشبو کا اہتمام عمرہ زائرین کو مسجد الحرام کی عظمت کا احساس دلا رہا ہے۔ ہر جگہ مہک عبادت کا لطف دوبالا کیے ہوئے ہے۔ اس پر انتظامیہ شکریے کی مستحق ہے‘۔
یاد رہے کہ ان دنوں ہر روز 60 ہزار افراد کو عمرہ کا موقع دیا جارہا ہے۔
 وزارت حج وعمرہ میں سیکریٹری عمرہ عبدالعزیز وزان کا کہنا ہے کہ ’عمرہ زائرین کی یومیہ تعداد 60 ہزار سے نوے ہزار اور پھر ایک لاکھ بیس ہزار تک پہنچا دی جائے گی۔‘

شیئر: