Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بیرون ملک سے عمرہ زائرین کی پہلی پرواز جدہ پہنچ گئی

تمام  ضروری تیاریاں پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہیں(فائل فوٹو ایس پی اے)
بیرون ملک سے عمرہ زائرین کو لے کر پہلی پرواز  نائجیریا سے جدہ کے کنگ عبدالعزیز ایئر پورٹ پہنچی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی کے مطابق سعودی محکمہ پاسپورٹ نے ایک بیان میں کہا کہ احتیاطی تدابیر اور مقررہ ایس او پیز کے تحت عمرہ زائرین کے مملکت میں داخلے کے طریقہ کار کوآسانی کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ’ بیرون ملک سے عمرہ زائرین کے خیرمقدم کے لیے تمام  ضروری تیاریاں پہلے ہی مکمل کی جا چکی ہیں‘۔
یاد رہے کہ حج و عمرہ و زیارت کی قومی کمیٹی کے رکن ھانی العمیری نے بتایا تھا کہ جمعے کی رات نائجیریا سے عمرہ زائرین کا پہلا کارواں جدہ کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے گا۔
ھانی العمیری کا کہنا تھا کہ عمرہ کمپنیوں اور اداروں نے بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کو رہائش، کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کرنے کی تمام تیاریاں پہلے سے ہی کررکھی ہیں۔
ایئرپورٹ سے لے کر ہوٹلوں اور پھر وہاں سے مسجد الحرام پہنچانے اور لانے تک کے تمام انتظٓامات کیے گئے ہیں۔

عمرہ زائرین کے لیے اعتمرنا ایپ کے ذریعے تاریخ اور وقت لیا گیا (فوٹو ٹوئٹر)

عمرہ زائرین کے لیے اعتمرنا ایپ کے ذریعے تاریخ اور وقت لیا گیا ہے۔ زائرین کے ہر گروپ کو مسجد الحرام پہنچا کر اپنی نگرانی میں عمرہ کرایا جائے  گا جبکہ مسجد نبوی کی زیارت کے لیے مدینہ منورہ پہنچانے کے انتظامات بھی کرلیے گئے ہیں۔
 نئے عمرہ پروگرام کے تحت زائر آن لائن مکمل عمرہ پیکیج حاصل کرسکتا ہے جس میں ہوائی جہاز کا ٹکٹ، ٹرانسپورٹ ، ہوٹل، کھانا پینا اور عمرہ کمپنی یا ادارے کا تعین تک شامل ہے- تمام سہولیات آن لائن حاصل کی جاسکتی ہیں۔

شیئر: