Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طالبان اندراب میں خوراک اور ایندھن آنے نہیں دے رہے: امراللہ صالح

افغان طالبان کی جانب سے پنجشیر کے محاصرے بعد افغانستان کے نائب صدر امراللہ صالح کا کہنا ہے کہ طالبان اندراب میں خوراک اور ایندھن کو آنے نہیں دے رہے۔
طالبان نے پیر کو کہا تھا کہ پنجشیر کا محاصرہ کر لیا ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ معاملے کا حل مذاکرات کے ذریعے چاہتے ہیں۔
نائب صدر امراللہ صالح کے ٹویٹ کے مطابق ’انسانی بحران کی صورتحال تشویشناک ہے۔ ہزاروں خواتین اور بچے پہاڑوں کی جانب نکل گئے ہیں۔ گذشتہ دو دنوں سے طالبان بچوں اور بوڑھوں کو اغوا کر رہے ہیں اور اردگرد گھومنے پھرنے اور گھر گھر تلاشی کے لیے بطور ڈھال استعمال کر رہے ہیں۔‘
امراللہ صالح نے پیر کو رات گئے ٹویٹ کیا تھا کہ طالبان پنجشیر کی دہلیز تک پہنچ گئے ہیں تاہم دعویٰ کیا تھا کہ مزاحمتی فورسز نے سالنگ ہائی وے کو بند کیا ہے۔
خیال رہے کہ افغان طالبان پنجشیر کے علاوہ تمام ملک پر قبضہ کر چکے ہیں۔
پنجشیر طالبان کے خلاف واحد مزاحمت کرنے والا صوبہ ہے۔ اس سے قبل بھی سویت یونین اور طالبان کے پہلے دور میں بھی پنجشیر نے اپنا دفاع کیا تھا۔
احمد شاہ مسعود کے بیٹے احمد مسعود نے کہا تھا کہ ملک کے مختلف حصوں سے مزاحمتی فورسز پنجشیر میں جمع ہوئی ہیں۔

شیئر: