Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈین فضائیہ کا ایک اور مِگ طیارہ راجستھان میں گر کر تباہ، پائلٹ زخمی

انڈین فضائیہ نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین فضائیہ کا مگ 21 بائیسن لڑاکا طیارہ بدھ کے روز راجستھان میں معمول کی تربیتی پرواز کے دوران گر کر تباہ ہوگیا۔ حادثے میں پائلٹ کو معمولی چوٹیں آئیں اور گاؤں کے مقامی رہائشیوں نے انہیں ہسپتال پہنچایا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق دفاعی ترجمان لیفٹیننٹ کرنل امیتابھ شرما نے بتایا کہ ’انڈین وقت کے مطابق طیارہ شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے بارمیڑ کے ماتسر گاؤں کے غیر آباد علاقے میں گر کر تباہ ہوا۔ اس حادثے کے نتیجے میں مبینہ طور پر ایک جھونپڑی کو آگ لگ گئی۔‘
ایک ضلعی عہدیدار نے خبر رساں ادارے پی ٹی آئی کو بتایا کہ ’حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ طیارے کے ملبے کے کچھ حصے کو آگ لگ گئی اور یہ بڑے علاقے میں بکھرا ہوا ہے۔‘
حادثے کے بعد انڈین فضائیہ کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ ’مگ 21 بائیسن طیارے میں تربیتی پرواز کے لیے ٹیک آف کرنے کے بعد ’تکنیکی خرابی‘ پیدا ہوئی۔‘
انڈین فضائیہ نے ٹویٹ میں مزید کہا کہ ’حادثے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔‘
روسی ساختہ سنگل انجن، سنگل سیٹر ملٹی رول فائٹر/گراؤنڈ اٹیک ایئر کرافٹ انڈین فضائیہ کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 2230 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔
یاد رہے کہ مگ 21 طیارے انڈین فضائیہ میں کئی دہائیوں سے شامل ہیں اور ان طیاروں کے حادثات اکثر دیکھنے میں آتے رہتے ہیں۔

شیئر: