Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’داعش بڑا خطرہ، دہشتگردی کے خلاف جدوجہد جاری رہنی چاہیے‘

فرانسیسی صدر ایمانوئیل میخواں کانفرنس میں شرکت کے لیے بغداد پہنچے ہیں (فوٹو: روئٹرز)
فرانس کے صدر ایمانوئیل میخواں نے کہا ہے کہ داعش ایک بہت بڑا خطرہ ہے، دہشت گرد گروہوں کے خلاف جدوجہد جاری رہنی چاہیے۔
عرب نیوز کے مطابق بغداد پہنچنے اور عراقی وزیراعظم مصطفیٰ الکاظمی سے ملاقات کے بعد ان کا کہنا تھا کہ وہ جانتے ہیں کہ دہشت گرد گروہوں کے خلاف جدوجہد عراقی حکومت کی ترجیح ہے۔
فرانس کے صدر ایمانوئیل میخواں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے کے حوالے سے ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے لیے بغداد پہنچے ہیں، جہاں انہوں نے عراقی وزیراعظم سے ملاقات بھی کی۔
عرب نیوز کے مطابق فرانسیسی صدر کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ کانفرنس میں خطے میں دہشت گردی کے خلاف فرانس کے کردار پر روشنی بھی ڈالیں گے۔
 خطے کے دوسرے ممالک کے رہنما بھی بغداد پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
فرانس اس اجلاس کا شریک مہتمم بھی ہے، جس میں خطے میں پانی کے بحران، یمن میں جنگ اور لبنان کے معاشی اور سیاسی حالات پر بحث کی جائے گی۔
فرانس کے صدر عراق کو مشرق وسطیٰ کے استحکام کے لیے بہت ضروری سمجھتے ہیں۔
عراقی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد ایمانوئیل میخواں کا کہنا تھا کہ ’ہم سب جانتے ہیں کہ ہمیں اپنا تحفظ کم نہیں کرنا چاہیے کیونکہ داعش اب بھی بڑا خطرہ ہے، اور میں جانتا ہوں کہ ایسے دہشت گرد گروہوں کے خلاف جدوجہد آپ کی حکومت کی ترجیح ہے۔‘
اس موقع پر عراقی وزیراعظم الکاظمی کا کہنا تھا کہ ’عراق اور فرانس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پارٹنرز ہیں۔‘
اس اجلاس کے لیے مدعو کیے جانے والے ملکوں میں سعودی عرب بھی شامل ہے، جس کی نمائندگی وزیر خارجہ پرنس فیصل بن فرحان کریں گے۔
متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد المکتوم امارات کے وفد کی قیادت کر رہے ہیں۔
اسی طرح مصری صدر عبد الفتاح السیسی پہلے ہی بغداد پہنچ چکے ہیں۔
اجلاس میں اردن کے بادشاہ عبداللہ کی شرکت کا بھی امکان ہے۔
کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحمد الصباح بھی وفد کے ہمراہ اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔
عراق کی نیوز ایجنسی کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ قطری امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی بھی کانفرنس میں شرکت کے لیے روانہ ہو چکے ہیں۔
اسی طرح ایران کے وزیر خارجہ حسین عامر عبد الاحیان بھی اپنے ملک کی نمائندگی کے لیے بغداد پہنچے ہیں۔
 

شیئر: