Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

روس: قتل کا اعتراف کرنے کے لیے قاتل کا ایک ہفتے کا سفر

’فارم کے دور ہونے اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی کمی کی وجہ سے اس شخص کو اوخوتسک گاؤں پہنچنے میں ایک ہفتہ لگا‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ایک شخص نے روس کے مشرق علاقے کے جنگل میں شراب پی کر جھگڑے کے دوران تین افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کرنے کے لیے ایک ہفتے کا سفر کیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق روس میں سنگین جرائم کی تحقیق کرنے والی کمیٹی نے منگل کو بتایا کہ ’اس شخص اور اس کے ایک جاننے والے نے چین کی سرحد کے قریب واقع علاقے خبرواسک میں ایک فارم میں شراب پینے کے دوران جھگڑا شروع کر دیا تھا۔‘
کمیٹی کے بیان میں مزید تفصیلات بتائے بغیر کہا گیا کہ اس شخص نے اس کے بعد اپنے جاننے والے ایک آدمی اور دو خواتین کو گولی مار دی تھی۔
’فارم کے دور دراز مقام پر واقع ہونے اور وہاں تک ٹرانسپورٹ کی سہولیات کی کمی کی وجہ سے اس شخص کو اوخوتسک گاؤں پہنچنے میں ایک ہفتہ لگا جہاں اس نے خود کو پولیس کے حوالے کیا اور بتایا کہ اس نے یہ جرائم کیے ہیں۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ شخص جن کی شناخت ابھی نہیں ہوئی، انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے اور تفتیش کار اس فارم کی جانب روانہ ہو گئے ہیں جو جنگل میں گھرا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ روس میں الکوحل مشروبات کے خلاف مہمات اور حکام کی جانب سے فروخت پر قابو پانے کے لیے جارحانہ اقدامات کے بعد چند برسوں سے شراب نوشی کم ہو رہی ہے لیکن اس پیش رفت کے باوجود شراب پینے کے دوران اس طرح کے واقعات عام ہیں۔
واضح رہے کہ چار برس قبل 2017 میں ماسکو کے شمال مغربی گاؤں میں ایک شخص نے شراب نوشی کے جھگڑے کے دوران نو افراد کو قتل کردیا تھا۔

شیئر: