Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان، شاہنواز دھانی بھی شامل

نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ 20 رکنی سکواڈ کی قیادت بابر اعظم کریں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد اور خوشدل شاہ کی قومی ون ڈے سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
زاہد محمود، شاہنواز دھانی، محمد وسیم جونیئر اور محمد حارث بھی قومی ون ڈے انٹرنیشنل سکواڈ کا حصہ بن گئے جبکہ حارث سہیل، سلمان علی آغا، سرفراز احمد اور صہیب مقصود نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں جگہ نہیں بنا سکے۔
اعلان کردہ سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق،  امام الحق، حارث رؤف، حسن علی،  فخر زمان، فہیم اشرف، خوشدل شاہ، افتخار احمد اور محمد رضوان (وکٹ کیپر)، محمد حارث (وکٹ کیپر)، محمد حسنین، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، عثمان قادر اور زاہد محمود شامل ہیں۔
دونوں ممالک کے مابین تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلی جائے گی۔
سیریز کے تینوں میچز آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہیں۔ یہ میچز  17، 19 اور 21 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔
قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹرمحمد وسیم کا کہنا ہے کہ ’نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل یہ سیریز ہمارے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈکپ 2023 کوالیفائرز کا بھی حصہ ہے، لہٰذا ہم نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو منتخب کرکے ایک متوازن سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔‘

شیئر: