Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ڈیل سٹین نے ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

ڈیل سٹین نے منگل کو ایک ٹویٹ کے ذریعے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقین کھلاڑی ڈیل سٹین نے ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
اپنے ہم عصر کھلاڑیوں میں ٹیسٹ کرکٹ کا عمدہ بولر تسلیم کیے جانے والے ڈیل سٹین کو جنوبی افریقہ کے نامور پیسرز کی فہرست میں شمار کیا جاتا ہے۔
جنوبی افریقین کرکٹر نے منگل کے روز اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان ایک ٹویٹ کے ذریعے کیا۔
اپنی ریٹائرمنٹ سے متعلق اعلان میں ڈیل سٹین کا کہنا تھا کہ  ’یہ ٹریننگ، میچوں، سفر، کامیابیوں، ناکامیوں، برادرانہ تعلق وغیرہ کے 20 برس ہیں۔ بتانے کو بہت سی یادیں اور شکریہ ادا کرنے کو بہت سے چہرے ہیں۔‘
جذبات بھرے مختصر سے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’آج میں باقاعدہ طور پر اپنے محبوب ترین کھیل کو الوداع کہہ رہا ہوں۔‘
ڈیل سٹین نے اہلخانہ، ساتھی کھلاڑیوں، صحافیوں اور فینز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا یہ ساتھ گزرنے والا یادگار سفر تھا۔

38 سالہ ڈیل سٹین کی جانب سے ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی خبر سامنے آئی تو کرکٹ شائقین اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں میں سے ایک کی میدانوں سے رخصتی کی خبر پر افسردہ دکھائی دیے۔

کچھ صارفین نے ڈیل سٹین کو اپنے ہم عصر بولرز میں سب سے بہترین قرار دیا تو دیگر ان کا ذکر کرتے ہوئے جنوبی افریقن کرکٹر کے مزاج اور کھیل کے انداز کو موضوع بنائے رہے۔

شیئر: