آئی سی سی اور بی سی بی آمنے سامنے، ٹی20 ورلڈ کپ پر ڈیڈلاک برقرار
بنگلہ دیش نے سکیورٹی وجوہات پر ورلڈ کپ کے لیے انڈیا نہ جانے کا اعلان کر رکھا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بنگلہ دیش کے انڈیا میں ٹی20 ورلڈ کپ نہ کھیلنے پر پیدا ہونے والے تنازعے کو حل کرنے کے لیے آئی آئی سی کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں۔
خبررساں ایجنسی ’اے این آئی‘ کے مطابق آئندہ چند دنوں میں آئی سی سی کی قیادت بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی جہاں وہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔
اس ملاقات کے بعد بنگلہ دیش کی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔
یہ پیش رفت منگل کو آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان ہونے والی ویڈیو لنک میٹنگ کے بعد سامنے آئی ہے، جس میں بنگلہ دیشی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت اور انڈیا میں میچز کھیلنے کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی جانب سے انڈیا میں میچز کھیلنے پر اب بھی تحفظات برقرار ہیں۔
بی سی بی نے آئی سی سی سے باضابطہ طور پر درخواست کی ہے کہ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر بنگلہ دیش کے میچز انڈیا کے بجائے کسی اور ملک میں منتقل کیے جائیں۔ بورڈ کا موقف ہے کہ کھلاڑیوں، آفیشلز اور سپورٹنگ سٹاف کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے۔
یہ درخواست ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے آئی پی ایل 2026 کے دوران کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کو ہدایت کی تھی کہ وہ بنگلہ دیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو سکواڈ سے ریلیز کریں جس پر عمل بھی کر لیا گیا ہے۔
ویڈیو کانفرنس میں بی سی بی کی نمائندگی صدر امین الاسلام، نائب صدور شکاوت حسین اور فاروق احمد، کرکٹ آپریشنز کمیٹی کے چیئرمین نظم العابدین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر نظام الدین چودھری نے کی۔ اجلاس کے دوران بی سی بی نے واضح کیا کہ وہ موجودہ حالات میں انڈیا کا دورہ کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کے لیے تیار نہیں ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ٹورنامنٹ کا شیڈول پہلے ہی جاری کیا جا چکا ہے اور بنگلہ دیش کو اپنے فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے، تاہم بی سی بی اپنے موقف پر قائم رہی۔
فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ معاملے کا کوئی قابلِ قبول حل نکالنے کے لیے بات چیت کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کا آغاز سات فروری سے انڈیا اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے۔
بنگلہ دیش کا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف اسی روز انڈیا کے شہر کولکتہ میں شیڈول ہے۔ اس کے بعد بنگلہ دیش نو فروری کو اٹلی، پھر انگلینڈ سے مقابلہ کرے گا جبکہ گروپ مرحلے کا آخری میچ 17 فروری کو نیپال کے خلاف شیڈول ہے۔
اب شائقین کی نظریں آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان ہونے والی آئندہ ملاقات پر مرکوز ہیں جسے اس تنازعے کے حل کے لیے فیصلہ کن قرار دیا جا رہا ہے۔
