Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امریکی وزیر دفاع کا آئندہ ہفتے سعودی عرب، بحرین، کویت اور قطر کا دورہ

امریکی وزیر دفاع کے دورے کا مقصد اتحادی عرب ممالک کا شکریہ ادا کرنا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن آئندہ ہفتے سعودی عرب سمیت دیگر عرب ممالک کا دورہ کریں گے۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پینٹاگون نے کہا ہے کہ ’امریکی وزیر دفاع کے دورے کا مقصد تمام اتحادیوں اور فوجیوں کا شکریہ ادا کرنا ہے جنہوں نے افغانستان سے انخلا کے آپریشن میں مدد کی۔‘
پینٹاگون کے مطابق وزیر دفاع اتوار کے روز سعودی عرب، قطر، بحرین اور کویت کے دورے کے لیے روانہ ہوں گے۔
امریکی وزیر دفاع علاقائی عہدیداروں کے علاوہ امریکی فوجیوں اور دیگر حکومتی اہلکاروں سے بھی ملاقات کریں گے۔
پینٹاگون کے ترجمان جان کربی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر دفاع لائیڈ آسٹن علاقائی شراکت داروں سے ملاقات کریں گے اور کابل سے افغان اور دیگر ممالک کے شہریوں کے انخلا کے دوران امریکہ کے ساتھ تعاون کرنے پر شکریہ ادا کریں گے۔
امریکہ کی افغانستان میں طویل ترین جنگ کا اختتام تاریخ کے سب سے بڑے ایئر لفٹ آپریشن پر ہوا تھا۔ اس دوران ایک لاکھ 20 ہزار افراد کو افغانستان سے نکالا گیا تھا جبکہ متعدد افغان شہریوں کو کاغذات مکمل ہونے کے باوجود نہیں نکالا جا سکا۔
یاد رہے کہ انخلا کے آپریشن کے دوران کابل میں ہونے والے خود کش دھماکوں میں 13 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔
امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے بھی کہا تھا کہ ’وہ اتوار کو قطر کے دورے پر روانہ ہوں گے تاکہ انخلا کے دوران مدد پر رہنماؤں کا شکریہ ادا کیا جا سکے۔‘

شیئر: