Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہوائی فائرنگ کرنے والے جنگجوؤں کو گرفتار کیا جائے: طالبان

کابل میں فائرنگ سے 17 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
افغان طالبان نے کہا ہے کہ ان کے جنگجوؤں نے اگر ہوائی فائرنگ کی تو ان کو فوراً گرفتار کیا جائے گا۔
کابل میں افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’کابل اور صوبوں کے عہدیداروں، رہنماؤں اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں جنگجوؤں کو گرفتار کیا جائے اور ان کو شہروں سے نکالا جائے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’اکثر کابل اور دیگر شہروں میں خوشی کے وقت مجاہدین ہوائی فائرنگ کرتے ہیں، جس سے نہ صرف شہری جان سے گئے اور زخمی ہوئے بلکہ ان میں خوف و ہراس بھی کا سبب بھی بنا۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جمعے کی شب کابل میں ہوائی فائرنگ سے کم از کم 17 افراد ہلاک اور 41 زخمی ہوئے تھے۔
روئٹرز نے کہا تھا کہ طالبان کے جنگجوؤں نے پنجشیر کا کنٹرول حاصل کرنے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کی۔ تاہم پنجشیر میں اب بھی لڑائی جاری ہے اور مزاحمتی تحریک نے طالبان کے دعوے کی تردید کی تھی۔

شیئر: