Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رات 8 بجے تک بارش کی توقع

’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ طائف اور رابغ میں ہلکی بارش کی توقع ہے‘ ( فوٹو: طقس العرب)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج پیر کو مدینہ منورہ میں رات 8 بجے تک بارش کا امکان ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’مدینہ منورہ شہر کے علاوہ بدر اور وادی الفرع میں تیز ہوا کے ساتھ بادل چھائے رہیں گے‘۔
’اسی طرح الحناکیہ اور ینبع میں گرد آلود ہوا چلنے کا امکان ہے جس کے باعث حد نگاہ متاثر ہوجائے گی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’مکہ مکرمہ شہر کے علاوہ طائف اور رابغ میں ہلکی بارش کی توقع ہے‘۔
دوسری طرف سعودی موسمیات کے  قومی مرکز کے ترجمان نے کہا کہ سعودی عرب میں موسم خزاں شروع ہوگیا۔  
الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان حسین القحطانی نے کہا کہ عبوری دور میں درجہ حرارت کم اور زیادہ  ہوتا رہے گا۔ 
قومی مرکز کے ترجمان نے مزید کہا کہ درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ سے کم ہوجائے گا۔
ترجمان نے امکان ظاہر کیا کہ گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں جبکہ جازان، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ اور ریاض کے  بالائی مقامات پر بارش کا امکان ہے۔
انہو ں نے کہا کہ موسم خزاں مملکت کے تمام علاقوں میں نہیں ہوگا۔ موسم گرما کی شدید حرارت سے موسم سرما آنے کے لیے دو مہینے کا عرصہ باقی ہے۔
طقس العرب کے مطابق پیر کو سعودی عرب کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں تیز ہوائیں چلیں گی۔ رخ شمال کی جانب ہوگا۔ ظہر اور عصر کے وقت حفر الباطن، مشرقی ریجن، مشرقی القصیم، ریاض اور الاحسا سے گرد آلود ہوائیں چلیں گی۔
امکان ہے کہ حفر الباطن میں حد نظر چار ہزار میٹر سے نچلی سطح تک محدود ہوجائے گی جبکہ جازان، عسیر، باحہ، طائف ، مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے بالائی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بادل ہوں گے۔ بعض مقامات پر موسلا دھار بارش دیگر مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔ 

شیئر: