Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز جمعرات سے

سٹرائیکرز کی ٹیم پہلی مرتبہ قومی خواتین کرکٹ سیزن میں شرکت کرے گی۔ (فوٹو: پی سی بی)
پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کا آغاز جمعرات سے ہوگا۔ یہ قومی خواتین کرکٹ سیزن برائے 22-2021 کا پہلا ٹورنامنٹ ہوگا جس میں چار ٹیمیں شرکت کریں گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق 14 میچز پر مشتمل اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو 10 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی۔
ٹورنامنٹ کے تمام میچز نیشنل سٹیڈیم اور اوول اکیڈمی گراؤنڈ کراچی میں کھیلے جائیں گے۔
سٹرائیکرز کی ٹیم پہلی مرتبہ قومی خواتین کرکٹ سیزن میں شرکت کرے گی۔ یہ ٹیم پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے بعد نیشنل ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں بھی شرکت کرے گی۔
ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ شرکت کرنے والی ٹیم، سٹرائیکرز کی قیادت کائنات امتیاز کریں گی۔
سٹرائکیرز کی قیادت کرنے والی کھلاڑی کائنات امتیاز کا کہنا ہے کہ پہلی مرتبہ ویمنز ٹورنامنٹ میں چوتھی ٹیم شرکت کررہی ہے۔
’ایک ٹیم کے اضافے سے خواتین کرکٹرز کی حوصلہ افزائی ہوگی۔‘
اس کے علاوہ بلاسٹرز کی قیادت سدرہ نواز کے سپرد کی گئی ہے، جبکہ  جویریہ خان چیلنجرز کی کپتانی کریں گی اور ڈائنامائٹس کی کپتان منیبہ علی صدیقی ہے۔
ٹورنامنٹ کے ہر میچ کی بہتری کھلاڑی کو 20 ہزار روپے انعام دیا جائے گا، جبکہ رنرزاپ ٹیم میں پانچ لاکھ روپے تقسیم کیے جائیں گے۔
خواتین کرکٹ کے فروغ اور کھیل کی پذیرائی کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹورنامنٹ کے میچز کو اپنے یوٹیوب چینل پر لائیو اسٹریم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایونٹ کا فائنل21 ستمبر کو کھیلا جائے گا، یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔

شیئر: