Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اُمید ہے یو اے ای سفری پابندیاں ختم کر دے گا: پاکستان

امارات میں 12 مئی کو پاکستان سمیت چار ممالک پر سفری پابندیاں لگائی گئی تھیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے منگل کو کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل کمی کے بعد امید ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستانیوں پر لگائی گئی سفری پابندیوں کا جائزہ لے گا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں حکام نے 12 مئی کو پاکستان سمیت چار ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں۔
خیال رہے منگل کو پاکستان میں کورونا وائرس کے 735 کیسز سامنے آئے ہیں جو گذشتہ 25 اکتوبر سے اب تککی سب سے کم تعداد ہے۔
عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ 'ہمیں امید ہے کہ کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کے پیش نظر متحدہ عرب امارات کے حکام پاکستانی مسافروں پر کورونا سے متعلق پابندیوں کا جائزہ لیں گے۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس مسئلے پر پاکستان اماراتی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
'وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے اماراتی ہم منصب کے ساتھ حالیہ بات چیت میں اس مسئلے پر گفتگو کی تھی۔'
مشرق وسطیٰ میں متحدہ عرب امارات پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔

امارات میں 16 لاکھ پاکستان رہائش پزیر ہیں۔ (فائل فوٹو: ان سپلیش)

امارات میں 16 لاکھ پاکستان رہائش پزیر ہیں، جو کہ سعودی عرب کے بعد پاکستانی تارکین وطن کی سب سے بڑی کمیونٹی ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل کمی کی بنا پر ملک میں حکام نے پیر کو فیصلہ کیا ہے کہ یکم جولائی سے تقریباً تمام پابندیاں ختم کردی جائیں گی۔
ملک میں ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کی مکمل یا جزوی طور پر ویکسینیشن ہو چکی ہے۔ زیادہ تر افراد کو چینی ویکسین سائنوفارم یا سائنوویک کی خوراکیں دی گئی ہیں۔

شیئر: