Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حزب اللہ کی سعودی عرب سمگل ہونے والی منشیات کی کھیپ پکڑی گئی

کھیپ میں 451،807 ایمفیٹامین گولیاں شامل تھیں۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی حکام نے اعلان کیا ہے کہ جمعرات کی صبح حزب اللہ کی منشیات کی ایک بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے۔
عرب نیوز نے سعودی پریس نیوز ایجنسی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کھیپ، جس میں 451،807 ایمفیٹامین گولیاں شامل تھیں اور سعودی عرب لائی جا رہی تھیں، کو نائجیریا کے حکام نے پکڑا ہے۔
گولیاں میکنیکل پارٹس میں چھپائی گئی تھیں جو لبنان سے سمندر کے ذریعے لے جائی جا رہی تھیں۔
وزارت داخلہ کے ترجمان طلال شلهوب کا کہنا ہے کہ اس کوشش کے پیچھے حزب اللہ کے ’منشیات کی پیداوار اور سمگلنگ‘ نیٹ ورکس میں سے ایک تھا۔
انہوں نے کہا ’یہ کھیپ اس سے پہلے کہ نیٹ ورک کو کسی دوسرے ملک بھیجنے کا موقع ملتا، نائیجیریا میں ہمارے ہم منصبوں کے ساتھ تعاون کے نتیجے میں ضبط کی گئی۔‘
طلال شلهوب نے منشیات پکڑنے میں نائیجیریا کی وزارت داخلہ کے تعاون کی بھی تعریف کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مملکت ان مجرمانہ سرگرمیوں کی نگرانی کرتی رہے گی جو سعودی عرب کی سلامتی اور نوجوانوں کو منشیات سے نشانہ بناتی ہیں۔‘
رواں سال اپریل میں سعودی عرب نے لبنان سے پھلوں اور سبزیوں کی درآمد اور نقل و حمل پر اس وقت پابندی عائد کر دی تھی جب حکام نے انار کی کھیپ میں بڑی مقدار میں چھپائی گئی کیپٹاگون کی گولیاں پکڑی تھیں۔
جدہ اسلامک پورٹ پر کسٹم حکام نے 78 لاکھ سے زائد گولیاں ضبط کیں۔
لبنان کے کسٹم ذرائع نے اپریل میں عرب نیوز کو بتایا تھا کہ انار کی کھیپ سعودی عرب روانہ ہونے سے قبل شام کے ساتھ مسنہ سرحدی گزرگاہ کے ذریعے مرحلہ وار لبنان میں داخل ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ خلیجی ریاستیں طویل عرصے سے شام سے لبنان کے راستے اپنے علاقوں میں منشیات کی اسمگلنگ کی کارروائیوں کی شکایت کر رہی تھیں۔
متحدہ عرب امارات، عمان اور کویت نے سعودی عرب کی جانب سے پابندی عائد کرنے کی حمایت کی تھی۔
لبنانی حکام کے مطابق لبنان کی سعودی عرب کے ساتھ پھلوں و سبزیوں کی سالانہ تجارت کا حجم دو کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہے۔

شیئر: