Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جسٹن ٹروڈو پر ’پتھر سے حملہ‘ کرنے کے الزام میں نوجوان گرفتار

جسٹس ٹروڈو نے کہا کہ لوگوں کو خطرے میں ڈالنا ’بالکل ناقابل قبول‘ ہے۔ فوٹو: اے ایف پی
کینیڈا میں ایک 25 سالہ شخص کو وزیراعظم جسٹن ٹروڈو پر حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ حملہ آور پر پتھر مارنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کینیڈین پولیس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پر یہ مبینہ حملہ اس وقت کیا گیا جب وہ ایک انتخابی مہم کے بعد روانہ ہو رہے تھے۔
ملزم شین مارشل سنیچر کو ٹورنٹو کے جنوب مغرب میں واقع شہر لندن میں عدالت میں پیش ہوئے، جہاں پیر کو یہ واقعہ پیش آیا جب جسٹن ٹروڈو اپنی انتخابی مہم کی بس میں سوار تھے۔
49 سالہ جسٹن ٹروڈو جو محفوظ رہے، نے تصدیق کی کہ انہوں نے ’پتھر کے کچھ ٹکڑوں کو محسوس کیا‘ اور کہا کہ سیاسی جلسے میں کسی کا کوئی چیز پھینکنا اور لوگوں کو خطرے میں ڈالنا ’بالکل ناقابل قبول‘ ہے۔ ان کے حریفوں نے بھی اس واقعے کی مذمت کی۔
جسٹن ٹروڈو کو 20 ستمبر کو ہونے والے انتخابات سے قبل انتخابی مہم کے دوران مجوزہ لازمی کورونا وائرس ویکسین اور دیگر بحرانی اقدامات پر مشتعل مظاہرین کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
جمعے کو ایک اور شخص پر کیمبرج اونٹاریو میں ایک ریلی میں ٹروڈو کو دھمکی دینے کا الزام لگایا گیا تھا۔
ملزم شین مارشل کی عدالت میں اگلی پیشی چھ اکتوبر کو ہوگی۔
جسٹن ٹروڈو جو تیسری بار وزیراعظم بننے کے لیے کوشاں ہیں، فی الحال ان کا اپنے اہم حریف کنزرویٹو لیڈر ایرن او ٹول کے ساتھ سخت مقابلہ ہے۔

شیئر: