Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یارکر کِنگ لاستھ ملنگا نے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

’یارکر کنگ‘ کے نام سے مشہور سری لنکا کے تیز رفتار بولر لاستھ ملنگا نے منگل کے روز ہر طرح کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔
اپنے یوٹیوب چینل سے جاری ایک ویڈیو میں ملنگا نے کہا کہ ’آج میں نے اپنے ٹی 20کے جوتوں کو 100 فیصد آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
’میں ان سب کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میرے پورے ٹی20 کیریئر میں مجھے سپورٹ کیا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ آنے والے وقت میں اپنا تجربہ نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ شیئر کرنا چاہیں گے۔
ملنگا فٹنس مسائل کی وجہ سے ٹیسٹ کرکٹ سے 2011 میں ریٹائرمنٹ لے چکے تھے اور ون ڈے اور ٹی20 کرکٹ پر توجہ دے رہے تھے۔
انہوں نے اپنا آخری انٹرنیشنل ٹی20میچ ویسٹ انڈیز کے خلاف مارچ 2020 میں کھیلا تھا۔
انہوں نے سری لنکا کے لیے 30 ٹیسٹ، 226 ون ڈے اور 84 ٹی20 میچز کھیلے اور مجموعی طور پر 546 وکٹیں حاصل کیں۔
وہ اپنی ریٹائرمنٹ کے وقت 107 وکٹوں کے ساتھ دنیا میں ٹی20 کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل والے بولر ہیں اور انہوں نے ٹی20 میں دو ہیٹ ٹرکس بھی کر رکھی ہیں۔
اس کے علاوہ وہ انٹرنیشنل ایک روزہ میچز میں بھی تین ہیٹ ٹرکس کرچکے ہیں۔
ان کی ریٹائرمنٹ پر کرکٹ سے منسلک شخصیات اور کھلاڑی انہیں شاندار کیریئر کے اختتام پر مبارک باد پیش کررہے ہیں۔
سری لنکا کے سابق کپتان کمار سنگاکارا نے اپنی ایک ٹویٹ میں ملنگا کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’سری لنکا اور دنیا بھر کی کرکٹ کے لیے آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔‘
سری لنکا کے ایک اور سابق کپتان مہیلا جیاوردنے نے لکھا کہ ملنگا ایک ’فینٹیسٹک ٹیم میٹ‘ تھے۔
انڈیا کے موجودہ فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے بھی ملنگا کو ان کے کیریئر کے اختتام پر مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ کے ساتھ کھیلنا میرے لیے باعث مسرت تھا۔‘
معروف انڈین کمنٹیٹر ہرشہ بھوگلے نے لکھا کہ ’ممبئی انڈینز کے پرستاروں کی جانب سے وانکھڈے سٹیڈیم میں لگائے جانے والے ملنگا، ملنگا کے نعرے انڈین پریمیئر لیگ کی داستان کا ہمیشہ حصہ رہیں گے۔‘

شیئر: