Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متحدہ عرب امارات کے سفیر کی وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے ملاقات

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا (فوٹو: اماراتی سفارت خانہ)
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد عبید الزعبی نے وزیر دفاعی پیداوار زبیدہ جلال سے ملاقات کی۔
عرب نیوز کے مطابق اماراتی سفارت خانے نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا ہے کہ جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ برادرانہ تعلقات اور ان کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بھی موجود ہے۔
واضح رہے کہ بدھ کے روز اماراتی سفیر نے نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی شبلی فراز سے ملاقات کی تھی۔
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات میں متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے درمیان سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق پاکستان نیشنل ایکریڈیشن کونسل اور امارات اتھارٹی فار سٹینڈرڈائزیشن اینڈ میٹرولوجی کے درمیان حلال برآمدات کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر جلد دستخط کیے جائیں گے۔
بدھ کے روز ہی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ بھی ہوا۔
پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور ان کے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو میں افغانستان سمیت علاقائی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
شاہ محمود قریشی نے اماراتی وزیر خارجہ کو دبئی ایکسپو کے لیے بہترین انتظامات کرنے پر مبارک باد دی اور امید ظاہر کی کہ میگا ایونٹ شاندار کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔
دبئی ایکسپو کا آغاز رواں برس یکم اکتوبر کو ہوگا، جس میں 1200 سے زائد پاکستانی کمپنیوں اور افراد نے شرکت کی تصدیق کی ہے۔

شیئر: