Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ایئرپورٹس پر ہونے والے کورونا ٹیسٹس پر امارات کو تحفظات

 این سی او سی کے خط میں کہا گیا کہ غیر معیاری ریپڈ ٹیسٹ سے پاکستان کی ساکھ بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
متحدہ امارات نے پاکستان کے ہوائی اڈوں پر  ہونے والے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
امارات کی جانب سے ٹیسٹنگ پر تحفظات کے اظہار کے بعد نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، ایوی ایشن ڈویژن اور ڈائریکٹوریٹ آف سینٹرل ہیلتھ اسٹبلشمنٹ کو انتظامات بہتر بنانے کے خط ارسال کر دیا ہے۔
اردو نیوز کے پاس موجود نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے تحریر کیے گئے خط کے مطابق ’اگست کے مہینے میں پاکستان کے ایئرپورٹس سے 75 ہزار افراد متحدہ عرب امارات روانہ ہوئے، منفی ریپڈ پی سی آر کے باجود متحدہ عرب امارات پہنچنے پر 684 مسافروں کا کورونا مثبت پایا گیا ہے۔‘
خط میں کہا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان کے ہوائی اڈوں پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹوں پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خط میں خبردار کیا گیا ہے ان مسائل سے متحدہ عرب امارات کے لیے پروازوں کی  بحالی کی کوششوں پر سنگین اثرات ہوسکتے ہیں۔
 این سی او سی کے خط میں کہا گیا کہ غیر معیاری ریپڈ ٹیسٹ سے پاکستان کی ساکھ بھی بری طرح متاثر ہورہی ہے۔
ریگولیٹری اتھارٹی ایئرپورٹس پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ مانیٹرنگ کا نظام بنائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات پر قابو پایا جاسکے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ماہ بھی ریپڈ پی سی آر ٹیسٹنگ کے حوالے سے انتظامات بہتر بنانے کے اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم ایک ماہ گزرنے کے باوجود اس حوالے سے کوئی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔
اردو نیوز نے اس حوالے سے وزارت صحت کے حکام سے متعدد بار رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم وفاقی وزارت صحت کے حکام اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت فیصل سلطان کی جانب سے اس حوالے سے کوئی مؤقف سامنے نہ آسکا۔

شیئر: