Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا کیسز میں مسلسل کمی، چوبیس گھنٹے میں 70 نئے مریض

کورونا کے فعال کیسز کی تعداد کم ہو کر 2 ہزار 357 رہ گئی ہے(فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب میں اتوار 19 ستمبر کو بھی کورونا کے نئے کیسز 100 سے کم سامنے آئے ہیں جبکہ فعال کیسز کی تعداد میں بھی کمی آئی ہے۔ 
اتوار کو سبق نیوز نے وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا کہ ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 70 نئے مریض سامنے آئے جبکہ 81 افراد صحت یاب بھی ہوئے۔
وزرات صحت کے مطابق ’گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے مزید 5 مریض چل بسے، جس کے بعد مرنے والوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر آٹھ  ہزار 661 ہو گئی ہے۔‘
وزارت کا کہنا ہے کہ ’مملکت میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد کم ہو کر 2 ہزار 357 رہ گئی ہے، جن میں سے 343 مریضوں کی حالت نازک ہے جو انتہائی نگہداشت کے یونٹس میں زیرعلاج ہیں۔‘
وزارت صحت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ’سب سے زیادہ مریض ریاض ریجن میں سامنے آئے، جن کی تعداد 21 ہے جبکہ  مکہ ریجن میں 19 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔‘
الشرقیہ ریجن 7، مدینہ ریجن میں 6،عسیر ریجن میں 3، جازان ریجن میں 2، قصیم ریجن میں 5 ، تبوک ریجن ، الباحہ ریجن ، الجوف ریجن ، حائل ریجن اور نجران ریجن میں ایک،ایک مریض سامنے آئے۔
اب تک پانچ لاکھ 46 ہزار 549 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے پانچ لاکھ 35 ہزار 531 افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ’کورونا سے بچاؤ کے لیے مقررہ احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے، جن میں سماجی فاصلے کا اصول انتہائی اہم ہے۔‘

شیئر: