Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا سے تحفظ کے لیے بوسٹر ڈوز ضروری نہیں: ماہرین صحت

وزارت صحت نے اپیل کی ہے کہ وبا سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ (فوٹو ٹوئٹر)
سعودی ماہرین صحت کے مطابق  کورونا  ویکسین کی تیسری خوراک  لگوانا غیر ضروری ہے۔
عرب نیوز کے مطابق  نائب وزیر برائے صحت ڈاکٹر عبداللہ عسیری نے کہا  ہےکہ اگر ویکسین کی دو خوراکیں شدید بیماری، ہسپتال داخل ہونے اور اموات کو  روکتی ہیں تو عام افراد کے لیے تیسری خوراک لینا کوئی معنی نہیں رکھتا۔
عبداللہ عسیری جو متعدی امراض کے مشیر بھی ہیں انہوں نے مزید کہا ہے کہ بہترین ویکسینیشن کوریج کے اس مرحلے پر ہمیں کوویڈ 19 کے لیبارٹری ٹیسٹنگ کی دلیل اور طریقۂ کار پر نظر ثانی کرنے اور بیماری کے تناظر سے فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔
اس طرح کے تبصرے عام  افراد کے لیے فائزر اور بائیو ٹیک کی ویکسین کے مجوزہ بوسٹر شاٹس اور65 سال یا اس سے زیادہ عمر کے افراد کے لیے تیسری بوسٹر ڈوز کی خبروں کے بعد سامنے آئے۔
دریں اثنا ریاض کے ایک ہسپتال میں متعدی امراض کے ماہر احمد الحقوی نے کہا ہےکہ ہر کسی کے لیے تیسری (بوسٹر) خوراک کی منظوری کا مطالبہ اس حوالے سے ضروری نہیں۔
 چھ ممالک کے152 علاقوں میں کووڈ ویکسین کی افادیت کے عنوان سے 6 ماہ تک ویکسین کی تحقیق میں45 ہزار  سے زائد افراد  نے حصہ لیا جس  کا نتیجہ 15 ستمبر کو شائع کیا گیا۔
تحقیق سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ 6 ماہ بعد اور ویکسین کی افادیت میں بتدریج کمی کے باوجود یہ دوا  سازگارتھی اور  کورونا وائرس کو روکنے میں انتہائی کارگر تھی۔

سعودی عرب میں کورونا ویکسین کی40.7 ملین خوراکیں دی گئی ہیں۔ (فوٹو عرب نیوز)

 وبائی امراض کے ماہر احمد  الحقوی نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک کے چھ ماہ بعد بھی دوا شدید بیماری سے تحفظ فراہم کرتی ہے۔
وزارت صحت کے مطابق گذشتہ روز سعودی عرب  میں کورونا کے 68 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے جس کے بعد کل تصدیق شدہ کیسوں کی تعداد 546،479 ہوگئی ہے جب کہ اموات کی کل تعداد 8،656  بتائی گئی ہے۔
سعودی عرب میں201،505 یومیہ کی شرح سے اب تک کورونا ویکسین کی 40.7 ملین خوراکیں دی گئی ہیں۔
اس شرح کے مطابق مملکت میں 31 اکتوبر تک 70 فیصد آبادی کو مکمل طور پر ویکسین لگا دی جائے گی۔
وزارت صحت  کے مطابق  مملکت کے تمام علاقوں میں587 مراکز میں کورونا کے حفاظتی ٹیکے لگائے جا رہے ہیں اور جن افراد نے ابھی تک ویکسین نہیں لگوائی ان پر ویکسین لگوانے کے لیے  زور دیا جا رہا  ہے۔

مملکت میں31 اکتوبر تک 70 فیصد آبادی کو ویکسین لگا دی جائے گی۔ (فوٹو عاجل)

وزارت نے سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور ویکسین کے لیے صحتی ایپ پر اندراج کریں۔
سعودی عرب میں وزارت صحت کی جانب سے قائم تاکد مراکز ایسے افراد کو کورنا ٹیسٹ کی خدمات فراہم کرتے ہیں جن میں کوئی علامت ظاہر نہیں ہوتی یا صرف ہلکی علامات ظاہر ہوتی ہیں یا انہیں لگتا ہے کہ وہ کسی متاثرہ فرد کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔
تطمن سنٹر میں بھی ایسے افراد کو   علاج کے لیے مشورے دئیے جاتے  ہیں جن میں بخار، ذائقہ اور سونگھنے کی حس میں کمی اور سانس لینے میں دشواری جیسی وائرس کی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔
دونوں قسم کے مراکز پر خدمات حاصل کرنے  کے لیے  وزارت کی صحتی ایپ کے ذریعے اپوائنٹمنٹ لی جا سکتی ہے۔
 

شیئر: