Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کا بائیکاٹ نہیں کرے گا: وسیم خان

نیوزی لینڈ نے سکیورٹی کو درپیش خطرے کی تفصیلات دینے سے انکار کیا (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ اگلے ماہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کا بائیکاٹ نہیں کرے گا۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق نیوزی لینڈ کا دورہ منسوخ کرنا پاکستان کے لیے ایک بڑا دھچکہ ہے، کیونکہ پاکستان 2009 میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے کوشاں ہے۔
نیوزی لینڈ نے دورے کی منسوخی کے حوالے سے سکیورٹی خطرے کی تفصیلات دینے سے انکار کیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے اس فیصلے نے پی سی بی کو برہم کیا اور نیوزی لینڈ ٹیم کے بائیکاٹ کی باتیں ہوئیں، لیکن پی سی بی چیف وسیم خان نے کہا کہ ایسا نہیں ہوگا۔
اتوار کو زوم کے ذریعے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’فی الحال ہمارا ایشو نیوزی لینڈ کے ساتھ نہ کھیلنا نہیں ہے۔ شائقین کرکٹ کے کچھ فرائض ہیں جو ہمیں ادا کرنے ہیں۔‘
انہوں نے اس بات سے بھی انکار کیا کہ کھلاڑی سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلیں گے۔
’ہم ایسا راستہ اختیار نہیں کرنا چاہتے جس میں سیاسی رنگ نظر آئے اور کسی بھی قسم کا احتجاج نظر آئے۔‘
پاکستان اور نیوزی لینڈ کا سامنا  شارجہ میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے 26 اکتوبر کو ہونے والے میچ میں ہوگا۔
وسیم خان کے مطابق ’دورے کی منسوخی سے پی سی بی اور نیوزی لینڈ کرکٹ کے درمیان ’سیاسی کشمکش‘ پیدا ہوئی کیونکہ جس طرح یہ فیصلہ کیا گیا وہ تحقیر آمیز تھا۔‘

وسیم خان نے کرائسٹ چرچ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے دوسرے ممالک کے لیے سب کچھ کیا۔‘ (فوٹو: پی سی بی)

دو ایک روزہ اور پانچ ٹی 20 میچوں کی سیریز میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 18 برس کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان میں کھیلتی اور وسیم خان نے کہا ہے کہ اس دورے کی منسوخی سے کرکٹ کی دنیا میں پائی جانے والی عدم مساوات ظاہر ہوئی۔
وسیم خان نے کرائسٹ چرچ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ہم نے دوسرے ممالک کے لیے سب کچھ کیا۔ ہمارے کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ میں 14 روز قرنطینہ کیا اور مسجد پر حملے کے بعد نیوزی لینڈ کا دورہ کیا۔‘
’پاکستان جیسے ملک سے بغیر کسی وجہ اور ڈائیلاگ کے چلے جانا آسان ہے اسے بند ہونا چاہیے۔‘
خیال رہے نیوزی لینڈ کے بعد انگلینڈ اور آسٹریلیا کا دورہ بھی شیڈول میں ہے۔

شیئر: