Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

متواتر جنگوں کا وقت گزر گیا،اب تواتر سے سفارتکاری کا دور ہے: بائیڈن

صدر جو بائیڈن نے جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ امریکہ نئی سرد جنگ نہیں چاہتا۔ فوٹو اے ایف پی
صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ امریکہ کی عسکری طاقت کا استعمال آخری حربے کے طور پر ہونا چاہیے۔
منگل کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ امریکہ چین کے ساتھ سرد جنگ نہیں چاہتا، بلکہ نائن الیون کے بعد پیدا ہونے والے تنازعات سے ہٹ کر موسمیاتی تبدیلیوں اور کورونا وائرس جیسے بحرانوں سے متعلق عالمی رہنمائی فراہم کرے گا۔
بطور صدر جنرل اسمبلی سے اپنے پہلے خطاب میں جو بائیڈن نے کہا کہ وہ تنازعات کے باوجود جمہوریت اور ممالک کے ساتھ اتحاد کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ ہر اس ملک کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہے جو چیلنجز کو شیئر کرتے ہوئے پرامن حل کی جانب قدم اٹھائے گا اگرچہ دیگر معاملات پر شدید اختلافات رکھتے ہوں۔
ویسے تو بائیڈن انتظامیہ چین کو اکیسویں صدی کا سب سے اہم چیلنج قرار دے چکی ہے لیکن جنرل اسمبلی کے خطاب میں صدر بائیڈن نے واضح کیا کہ امریکہ نئی سرد جنگ کا آغاز نہیں چاہتا اور نہ ہی دنیا کو بلاکس میں تقسیم کرنا چاہتا ہے۔ 
صدر بائیڈن نے کہا کہ وہ بیس سالہ تاریخ میں پہلے امریکی صدر ہیں جن کے دور میں امریکہ کوئی جنگ نہیں لڑ رہا، بلکہ امریکہ سفارتکاری کے نئے دور کا آغاز کر رہا ہے جس میں عسکری طاقت کو آخری حربے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ متواتر جنگوں کا وقت گزر گیا ہے، اب تواتر سے سفارتکاری کا دور ہے۔
صدر جو بائیڈن نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ بحال کرنے کی غرض سے چین، فرانس، روس، برطانیہ اور جرمنی کے ساتھ کام کر رہے ہیں تاکہ ایران کے ساتھ سفارت کاری کے ذریعے جوہری معاہدہ بحال کیا جائے جس سے امریکہ 2018 میں دستبردار ہوا تھا۔

شیئر: