Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کابل میں دھماکوں کے ذمہ داروں کو نشانہ بنائیں گے: صدر جو بائیڈن

امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ان کا ملک افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ایئرپورٹ پر ہونے والے دھماکوں کے ذمہ داروں کو تلاش کرے گا۔‘
جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں بیان دیتے ہوئے انہوں نے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون سے کہا کہ ’وہ جوابی حملے کرنے کے منصوبے تیار کرے۔‘
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جو بائیڈن نے دھماکوں کے کئی گھنٹے بعد امریکی فوجیوں اور کئی عام شہریوں سے متعلق بات کی۔
واضح رہے کہ اس حملے کی ذمہ داری داعش خراسان کے عسکریت پسندوں نے قبول کی ہے جو پہلے شام اور عراق میں امریکی افواج سے لڑ چکے تھے۔
بائیڈن نے وائٹ ہاؤس میں ریمارکس میں کہا کہ ’ہم دہشت گردوں کو معاف نہیں کریں گے، ہم نہیں بھولیں گے۔ ہم ان کا شکار کریں گے اور انہیں اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔‘
صدر جو بائیڈن نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ ’افغانستان سے امریکی انخلا جاری رہے گا۔‘
انہوں نے کہا ’ہم دہشت گردوں کی وجہ سے نہیں رکیں گے ، ہم انہیں اپنے مشن کو روکنے نہیں دیں گے۔ ہم انخلا کا عمل جاری رکھیں گے۔‘
روئٹرز کے مطابق بیان دیتے ہوئے صدر جو بائیڈن اپنے آنسو روکنے کی کوشش کر رہے تھے اور ان کی آواز جذبات سے اس وقت بھرا گئی جب انہوں نے مرنے والے امریکی ’ہیروز‘ کے بارے میں بات کی۔
جو بائیڈن نے وائٹ ہاؤس اور ملک بھر کی عوامی عمارتوں پر جھنڈے سرنگوں کرنے کا حکم بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل دن تھا۔
صدر جو بائیڈن نے بتایا کہ انہوں نے امریکی فوج سے کہا ہے کہ ’اگر انہیں اضافی فورس کی ضرورت ہو تو میں اسے فراہم کروں گا۔‘

شیئر: