Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریپ کے مقدمے میں ضمانت: ملزم چھ ماہ تک گاؤں کی خواتین کے کپڑے دھوئے گا

ملزم سزا کے طور پر گاؤں کی تمام خواتین کے کپڑے دھوئے گا۔ فائل فوٹو اے ایف پی
انڈیا کی عدالت نے ریپ کے الزام میں قید ایک شخص کی ضمانت اس شرط پر منظور کی ہے کہ وہ گاؤں کی تمام خواتین کے کپڑے مفت دھوئے اور استری کرے گا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عدالت نے کہا ہے کہ 20 سالہ ملزم لالن کمار ریاست بہار کے گاؤں کی تقریباً دو ہزار خواتین کے اگلے چھ ماہ تک کپڑے مفت دھوئے اور استری کرے گا۔ اس کام کے لیے ضروری سامان بھی وہ خود ہی خریدے گا۔
ریاست بہار کے ضلع مدھوبنی کے پولیس افسر سنتوش کمار سنگھ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ملزم لالن کمار دھوبی کا کام کرتا ہے، ریپ کی کوشش کے الزام میں اسے اپریل میں گرفتار کیا گیا تھا۔
گاؤں کی کونسل کی سربراہ نسیمہ خاتون کا کہنا ہے کہ عدالت کے فیصلے سے گاؤں کی تمام خواتین خوش ہیں۔
’یہ تاریخی (فیصلہ) ہے، اس سے خواتین کی عزت میں اضافہ ہوگا اور ان کے وقار کو تحفظ حاصل ہوگا۔‘
گاؤں کی خواتین کے خیال میں عدالت کے حکمنامے سے مثبت اثر پڑا ہے، ان کی کمیونٹی میں خواتین کے خلاف جرائم کے حوالے سے بطور ایک موضوع بحث چھڑ گئی ہے۔
شہری انجم پروین نے عدالتی فیصلے کو انتہائی اہم اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مختلف قسم کی سزا ہے جس سے کمیونٹی کو بھی ایک  پیغام ملا ہے۔
خیال رہے کہ سال 2012 میں دہلی میں ہونے والے گینگ ریپ کے بعد حکومت نے ریپ سے متعلق قوانین میں مکمل رد و بدل کی تھی، لیکن اس کے باوجود جنسی زیادتی کے واقعات میں کمی نہیں آئی۔
سال 2020 میں دہلی میں ریپ کے 28 ہزار واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔
پولیس پر الزام عائد کیا جاتا ہے کہ اس جرم کو روکنے کے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے اور نہ ہی ملزم کو عدالت کے سامنے پیش کیا جاتا ہے۔

شیئر: