Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی انجینیئر جو والدہ کے کہنے پر امریکہ چھوڑ کر واپس چلے آئے

امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنک سے منسلک رہے ہیں( فوٹو ٹوئٹر)
طیارہ سازی کی صنعت سے منسلک سعودی انجینیئر منیر بخش اپنی والدہ کے کہنے پر امریکہ میں سب کچھ چھوڑ کر مملکت چلے آئے ـ 
سعودی ٹی وی الاخباریہ کے پروگرام ’شخصیات‘ میں ’منیربخش‘ بتایا کہ’ ابتدا سے ہی فضا میں اڑتے ہوئے جہازوں کو دیکھ کر میرے اندرتجسس ابھرتا تھا اور سوچتا تھا کہ اتنے بڑے جہاز جس میں سیکڑوں لوگ بھی سوار ہیں آخر کس طرح بنائے جاتے ہیں‘ ـ 
منیر بخش کا کہنا تھا کہ ’ہر شخص کا کوئی نہ کوئی مشغلہ ہوتا ہے میں بھی ہمیشہ سے ہی جہازوں کے بارے میں زیادہ سے زیادہ معلومات حاصل کرنے کی فکر میں رہتا تھا جہاں سے بھی طیاروں کے بارے میں نئی معلومات ملتی تھیں انہیں جمع کرتا اور ان کا انتہائی گہرائی سے مطالعہ کرتا تھا ‘ـ 

امریکہ میں 27 برس گزارنے کے بعد مملکت واپس آئے ہیں(فوٹو ٹوئٹر)

’یہی تجسس مجھے ایوی ایشن کی دنیا میں لے گیا ـ ثانوی امتحان پاس کرنے کے بعد والد کو اپنی خواہش سے آگاہ کیا مگر اس وقت مملکت میں طیارہ سازی کے حوالے سے اعلی تعلیم کی سہولت موجود نہیں تھی جس پر امریکہ جانے کا فیصلہ کیا‘ ـ 
منیر بخش کے مطابق ’خواہش کی شدت کو دیکھتے ہوئے والدین نے میرا بھرپورساتھ دیا اور میں امریکہ پہنچ گیا جہاں طیارہ سازی اور ایوی ایشن میں گریجویشن کی بعدازاں ماسٹرز کرنے کے بعد معروف امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنک سے منسلک ہو گیا‘ 
منیر بخش کہتے ہیں کہ’ دنیا میں پہلا ’کاربن فائبر‘ ٹیکنالوجی کے ذریعے بنائے جانے والے جہاز بنانے والی ٹیم میں شامل تھا جو میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے‘ ـ 

جہاز سازی کے میدان میں منیر بخش کو 25 برس ہو گئے ہیں( فوٹو ٹوئٹر)

’امریکہ میں 27 برس گزارنے کے بعد مملکت واپس آنے کے حوالے سے بتایا کہ والدہ کی خواہش پرعمل کرتے ہوئے اپنی دونوں کمپنیوں کو جن میں 650 کارکن ملازم تھے چھوڑا اور تقریبا 5 برس قبل  مملکت منتقل ہو گیا‘ ـ  
منیر بخش مملکت آنے کے بعد ریاض میں جہاز سازی کی کمپنی قائم کرنے والے اولین افراد میں شامل ہیں ـ کمپنی کا قیام سال 2018 میں عمل میں آیا تھا جس کا افتتاح ولی عہد مملکت نے کیا تھا ـ 
سال 2020 میں انہوں نے کمرشل جہازوں میں بچوں کے لیے مخصوص سیٹ ڈئزائن کی اور اسے اپنے نام سے رجسٹرکرایا ـ 

اب انہوں نے اپنا ذاتی جہاز جہاز تیار کیا ہے(فوٹو ٹوئٹر)

جہاز سازی کے میدان میں منیر بخش کو 25 برس ہو گئے ہیں اب انہوں نے اپنا ذاتی جہاز جہاز تیار کیا ہے جسے عالمی ایوی ایشن کی جانب سے لائسنس بھی جاری کردیا گیاـ 
ایک سوال پرمنیر بخش کا کہنا تھا کہ ’جو افراد اس میدان میں آنا چاہتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ اپنے شوق کو دیکھیں محض تنخواہ یا کمائی کرنا اگر انکے مدنظر ہوگا تو معاملہ مشکل ہو جائے گا کیونکہ شوق کا کوئی مول نہیں ہوتا ‘ـ 

شیئر: