Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے اقوام متحدہ کے تعاون سے خواتین کے محفوظ سفر کے لیے اقدامات کرے گی

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین اور وفاقی محتسب برائے ہراسانی کے مابین ایک معاہدہ طے پایا ہے جس کے تحت پی آئی اے اپنے دفاتر، ایئرپورٹس اور جہاز میں ہراسگی کو روکنے کے لیے شعور اُجاگر کرے گی۔
معاہدے کے بعد پی آئی اے خواتین کو محفوظ سفر فراہم کرنے کے لیے سرکاری طور پر اقدامات اٹھانے والی دنیا کی پہلی ائیرلائن قرار دے دی گئی ہے۔   
اس موقعے پر پی آئی اے کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ایک پیغام اور عہد ہے کہ ہم پی آئی اے کے دفاتر میں اور پروازوں پر ہراسگی کو برداشت نہیں کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے پی آئی اے کا انتخاب ایئرلائن اور پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔
’بہنوں اور بیٹیوں کی حفاظت اور ان کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آنا ہماری مذہبی اور قومی روایت ہے۔‘
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خواتین کی سربراہ شرمیلا رسول کا کہنا تھا کہ ’ پاکستان جیسے ملک میں نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کو محفوظ ٹرانسپورٹ اور ماحول فراہم کرنے سے ملک بہت زیادہ ترقی کرے گا۔
وفاقی محتسب کشمالہ طارق نے پی آئی اے اور یو این ویمن کو مبارکباد دی۔
انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی محتسب معاشرے میں ہراستگی کو روکنے اور ہراساں کرنے والے کو منطقی انجام پہنچانے کے لیے سرگرم رہے گا۔

شیئر: