Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انگیلا مرکل جنہوں نے ’یورپ کو بحرانوں میں متحد‘ رکھا

سولہ برس تک جرمن چانسلر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انگیلا مرکل کا سیاسی سفر ختم ہوگیا ہے۔
حال ہی میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ وقفہ لینا چاہتی ہیں اور سوچنا چاہتی ہیں انہیں کس چیز میں دلچسپی ہے جو انہوں نے 16 برسوں میں نہیں کیا تاہم اس کے لیے وہ سوچیں گی۔
انگیلا مرکل تو رخصت ہو رہی ہیں لیکن خطے کی سب سے بڑی معیشت اور ان کی حکومت کے بڑے اقتصادی منصوبوں کو آگے بڑھانے کے لیے نئے چانسلر کو سیاسی فہم و فراست سے کام لینا ہوگا۔
67 سالہ انگیلا مرکل کے پہلے دور حکومت کا آغاز 2005 میں ہوا تھا، 2018 میں انہوں نے اپنی قدامت پسند سیاسی جماعت کرسچین ڈیموکریٹک یونین کی قیادت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا تھا۔
جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کے مطابق انگیلا مرکل نے کئی بین الاقوامی بحرانوں میں جرمنی کی قیادت کی۔
ان کے دور اقتدار میں جرمنی کو سنہ 2008 کے عالمی مالی بحران سے لے کر 2015 میں پناہ گزینوں کے بحران اور برطانیہ کے بریگزٹ جیسے پیچیدہ معاملات اور اب حال ہی میں کورونا وائرس کی وبا جیسے چیلنجز سامنا رہا۔
ان کو ماں اور یورپ کی ملکہ کے نام سے بھی پکارا بھی گیا۔ انگیلا مرکل کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے احسن طریقے سے بحرانوں کا سامنا کیا۔
جرمن نشریاتی ادارے ڈی ڈبلیو کی جرمن چانسلر کے بارے میں ایک ڈاکیومنٹری میں کئی یورپی رہنماؤں نے ان کی قیادت اور یورپ کو متحد کرنے کے بارے میں بات کی ہے۔
فرانس کے سابق صدر فرینکوئس ہولانڈے نے کہا کہ ’انگیلا مرکل کو ایک عظیم یورپی سیاستدان کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ بے شمار بحرانوں کے باوجود انہوں نے یورپی یونین کو متحد رکھا۔‘
سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر نے ان کے بارے میں کہا کہ ’مشکل ترین برسوں میں یورپ کا متحد رکھنا ان کی ایک قابل ذکر کامیابی ہے۔‘
برطانوی تاریخ دان نیال فرگوسن نے کہا کہ ’کوئی بھی انگیلا مرکل کی سیاسی قابلیت، سیاسی مہارت اور حکمت عملی کی مہارت سے انکار نہیں کر سکتا۔‘
تاہم انہوں نے بتایا کہ ’جس چیز کی کمی تھی وہ ان کا سٹریٹیجک وژن رہا ہے۔‘
اینگلا مرکل 1954 میں ہیمبرگ میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے یونیورسٹی آف لائیپنبرگ سے فزکس کی تعلیم حاصل کی۔ انہوں پی ایچ ڈی کیا۔
عملی سیاست کا آغاز 1990 کیا اور قدامت پسند کرسچین ڈیموکریٹ میں شمولیت اختیار کی۔

شیئر: