Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مسلم لیگ ن کے اندر آج بھی ایسے لوگ ہیں جو ہم سے ڈر رہے ہیں اور ہم ان سے‘

پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے ن لیگ کی طاقت کا اس کے مخالفیں کو ادراک ہے تاہم مسلم لیگ ن کو خود اس کا ادراک نہیں ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
مسلم لیگ ن کے ڈویژن کی سطح پر مرکزی قائدین کی سربراہی میں اجلاس 15 ستمبر سے جاری ہیں۔ اس سلسلے میں یہ آخری اجلاس فیصل آباد ڈویژن کا تھا۔
تمام اجلاسوں میں پارٹی قائد نواز شریف نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
مریم نواز کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کی پارٹی کھل کر دو بیانیوں کے تاثر کو زائل کرنے کی کوشش کرتی دکھائی دیتی ہے۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’مسلم لیگ ن کے بیانیے، خدمت اور ووٹ کی طاقت کا اندازہ اس کے سب مخالفین کو ہے لیکن خود مسلم لیگ ن کو نہیں ہے۔ مسلم لیگ ن کے اندر آج بھی ایسے لوگ ہیں جو ہم سے ڈر رہے۔‘ تاہم مریم نواز نے واضع نہیں کیا کہ وہ پارٹی کے کن افراد سے متعلق یہ بات کر رہی ہیں۔
مسلم لیگ ن فیصل آباد ڈویژن کا اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاون میں ہوا۔
اجلاس میں مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، مریم نواز، پرویز رشید، چوہدری شیر علی، اویس لغاری، عطا تارڑ، ایم این ایز، ایم پی ایز، پارٹی عہدیدار اور ٹکٹ ہولڈرز بھی موجود تھے۔
مریم نواز نے اجلاس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ’یہ جتنی مرضی انتقامی کارروائیاں کر لیں، یہ نہ ہمیں ہمارے لیڈر سے الگ کر سکتے ہیں اور نہ ہماری جماعت کو توڑ سکتے ہیں۔ یقین سے کہتی ہوں کہ اگر شہباز شریف وزیراعلی پنجاب ہوتے تو آج صوبے میں نہ کورونا ہوتا اور نہ ڈینگی۔‘
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ ہماری خدمت کو نظر انداز نہیں کر سکتے۔ کہا جاتا ہےکہ مسلم لیگ(ن) میں مفاہمت اور مزاحمت میں بڑی کنفوژن ہے۔ یہ کنفوژن صرف دشمن کی طرف سے پلان کی جاتی ہے اصل میں ہمارے بیانیے پر تنقید اس لیے ہوتی ہے کہ بیانیہ صرف مسلم لیگ ن کے پاس ہے۔‘

شیئر: