Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایف بی آر کی ریکارڈ ریکوری، ’غریبوں کا خون چوسنے پر کیسی مبارک باد؟‘

وزیراعظم نے لکھا کہ پہلی سہ ماہی کےدوران 1,395 ارب روپے جمع کرنے پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان میں حکومت نے جمعرات کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تو سوشل میڈیا پر صارفین کے تبصروں سے ایسا معلوم ہوا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ہاتھوں پریشان عوام پر گویا اس بار واقعی ’پیٹرول بم‘ گر گیا ہو۔
ابھی عوام کی آہ و بکا کا یہ شور تھما نہ تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم کو ایف بی آر کی جانب سے ٹیکسز کی ریکارڈ ریکوری کی ’نوید‘ سناتے ہوئے مبارکباد دے ڈالی۔
جمعے کو اپنی ایک ٹویٹ میں عمران خان نے لکھا کہ ’ایف بی آر کی جانب سے مالی سال 22-2021 کی پہلی سہ ماہی کےدوران 1,211 ارب کے طے شدہ ہدف کی بجائے کامیابی سے 1,395 ارب روپے جمع کرنے پر میں قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران ہونے والی آمدن میں یہ 38 % نمو کی علامت ہے۔‘ 
وزیراعظم عمران خان کی یہ مبارکباد کچھ سوشل میڈیا صارفین کو ایک آنکھ نہ بھائی اور انہوں نے اسے ’ستم بالائے ستم‘ قرار دیتے ہوئے خوب تنقید کی۔

سوشل میڈیا پر کچھ صارفین عوام سے زبردستی ٹیکس وصولی کو ’ظلم‘ قرار دیتے ہوئے عمران خان پر تنقید کر رہے ہیں جبکہ کچھ صارفین اس ریکارڈ ریکوری کو حکومت کی بڑی کامیابی سے تعبیر کر رہے ہیں۔

عروج سیامی نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’وزیراعظم نے ایف بی آر کی ریکارڈ ریکوری پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے.۔ وزیراعظم صاحب یہ عام عوام سے زبردستی لیے گئے ٹیکسزہیں زرا یہ بھی بتائیں آپ کے امیر طبقے کے دوستوں اور ملز مالکان نے اور آپ نے کتنا ٹیکس ادا کیا؟‘

صنم پی ایم ایل این کے نام سے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’قوم کا خون چوسنے پر قوم کو مبارکباد نہیں دیتے جناب۔ مبارکباد کے حق دار آپ ہیں آپ کی کابینہ ہے آپ کے سلیکٹرز ہیں جن کے لیے یہ ٹیکس بے تحاشا عوام پر ظلم کرکے جمع کیا جا رہا ہے اور گزشتہ برس بھی آپ ہی سلیکٹڈ وزیراعظم تھے آپ ہی کی نالائقی تھی۔‘

رائے وحید کھرل نامی صارف نے لکھا کہ ’مہنگائی کرکے طے شدہ ہدف حاصل کرنے پر قوم کو مبارکباد نہیں دی جاتی یہ آپ ہی کا طے کردہ اصول ہے آپ نےہی فرمایا تھا جب مہنگائی ہو تو سمجھ لینا وزیراعظم چور ہے۔‘

محمد غازی عباس نامی صارف نے لکھا کہ ’قوم کو مبارکباد ڈالر تاریخ کی بلند ترین سطح پر، قوم کو مبارکباد پیٹرول تاریخ کی بلند ترین سطح پر، قوم کو مبارکباد مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر، قوم کو مبارکباد بجلی کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر۔‘

ٹوئٹر صارف حسن زیب نے وزیراعظم عمران خان کے ماضی کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا کہ ’اگر مہنگائی کرکے ہی میں نے ٹیکس اکٹھا کرنا ہے تو یہ کوئی بھی کر سکتا ہے۔‘
زیتون ظہیر نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’واہ غریبوں کا خون چوسنے پر قوم کو مبارکباد۔۔ ٹیکس صرف غریب دیتا ہے جو صرف اور صرف آپ کی کابینہ کے پیٹوں میں جاتا ہے۔‘

شیئر: