Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

طاقت کا مظاہرہ، چین کے 38 جنگی طیاروں کی تائیوان کی سرحد پر پروازیں

چین کی حکومت کئی بار یہ اعلان کر چکی ہے وہ تائیوان کو اپنے ملک میں شامل کرے گی (فائل فوٹو: چینی وزارت دفاع)
تائیوان نے کہا ہے کہ ’چین کے 38 جنگی جہازوں نے اس کے دفاعی زون میں سے پروازیں کی ہیں۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق عوامی جہموریہ چین کے قومی دن کے موقع پر جنگی طیارے تائیوان کے دفاعی زون میں سے گزرے۔
چین کی فوجی طاقت کا یہ مظاہرہ تائیوان کے جزیرے کے قریب کیا گیا جہاں ایک جمہوری نظام حکومت قائم ہے تاہم چین ک دعویٰ ہے کہ یہ علاقے اس کا حصہ ہے۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب رواں ہفتے چین نے برطانیہ پر تائیوان کے سمندر میں ’برے ارادوں‘ سے اپنا جنگی بحری جہاز بھیجنے کا الزام لگایا۔
تائیوان کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ’جب چین کے 22 فائٹرز، دو بمبار اور آبدوز کو تباہ کرنے کی صلاحیت کے حامل ایک طیارے نے جنوب مغرب میں دفاعی زون میں داخل ہوئے تو ان کے جہاز نے وارننگ جاری کی۔‘
وزارت دفاع کے مطابق بعد ازاں مزید 13 چینی جنگی جہازوں نے علاقے میں پرواز کی۔
اس علاقے کو تائیون کی فضائی حدود نہیں قرار دیا جاتا بلکہ یہ ایسا دفاعی زون ہے جو ایک بڑے علاقے پر محیط ہے جس میں چین کے دفاعی زون کا بھی علاقہ شامل ہے۔
چین کی حکومت کئی بار یہ اعلان کر چکی ہے وہ تائیوان کو اپنے ملک میں شامل کرے گی۔
سنہ 2016 کے بعد چین کی تائیوان کی جانب پالیسی میں شدت آئی ہے اور اس کی وجہ وہاں صدر سائی انگ وین ہیں جن کا کہنا ہے کہ تائیوان پہلے سے ہی ’خودمختار‘ ہے۔
گذشتہ برس چین کے فوجی جہازوں نے تائیوان کے دفاعی زون کی 380 بار خلاف ورزی کی جبکہ رواں سال کے نو ماہ کے دوران یہ خلاف ورزیاں 500 سے بڑھ چکی ہیں۔

شیئر: