Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا امریکہ خلیجی ممالک سے اپنی افواج کو واپس بُلا سکتا ہے؟ پُرانا سوال دوبارہ زیرِ گردش

امریکہ میں خلیجی ممالک سے فوج کی دوسری جگہ منتقلی اور تعداد کم کرنے کے اِمکانات پر غور کیا جا رہا ہے (فائل فوٹو: سینٹ کام)
17 جولائی 2026 کی رات ایران کے میزائل حملے میں اُردن کے موفق السلطي ایئر بیس پر امریکی فوجیوں کی رہائش کے لیے استعمال ہونے والی عمارتیں نشانہ بنیں۔ اِس حملے میں تین امریکی فوجی ہلاک ہوئے، جب کہ سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق اردگرد کی کم از کم 19 عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
عرب نیوز میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق یہ حملہ ایران کے ساتھ جاری فوجی تصادم کا حصہ تھا، جس کا آغاز 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملے سے ہوا تھا۔ اِس حملے میں ایران کے سپریم لیڈر علی خامنہ ای اور ایرانی قیادت کے کئی اہم ارکان ہلاک ہوئے تھے۔ اِس واقعے نے یہ واضح کیا کہ خطے میں امریکی طاقت کے اظہار اور اِسے برقرار رکھنے کے لیے قائم فوجی اڈے کس قدر غیر محفوظ ہو چکے ہیں۔
جنگ طول پکڑتی گئی تو اِس کے اخراجات بھی بڑھتے گئے۔ 16 اکتوبر تک جنگ پر اُٹھنے والے اخراجات کا تخمینہ 47.1 ارب ڈالر تک پہنچ گیا تھا، جب کہ فوجی اڈوں کو پہنچنے والے نقصان کی مد میں مزید 5 ارب ڈالر کا خرچہ سامنے آیا۔ وال سٹریٹ جرنل نے ایک ذریعے کے حوالے سے یہ کہا کہ یہ رقم بڑھ کر 15 ارب ڈالر تک بھی پہنچ سکتی ہے۔
جنگ کے بڑھتے ہوئے اخراجات اور خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو لاحق خطرات نے خلیج کے حوالے سے ایک پرانا سوال پھر سے زندہ کر دیا ہے: کیا امریکہ خطے سے نکل رہا ہے؟ اور امریکی موجودگی کی جگہ لینے کے لیے کس نوعیت کا سکیورٹی نظام زیادہ موزوں ہوگا؟
خلیج سے امریکی فوج کے مکمل انخلا کا فیصلہ تاحال نہیں ہوا، تاہم امریکہ میں خطے سے فوجیوں کی دوسری جگہ منتقلی اور تعداد کم کرنے کے اِمکانات پر غور کیا جا رہا ہے۔ انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار سٹریٹجک اسٹڈیز کی اکتوبر میں جاری ایک رپورٹ کے مطابق، مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی کا مرکز ممکنہ طور پر مشرقی بحیرۂ روم کی طرف منتقل ہو سکتا ہے۔ رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ اتحادی اور مخالفین دونوں ہی اِس اقدام کو خلیجی سلامتی کے لیے امریکی عزم میں کمی کا ثبوت سمجھیں گے۔
سی آئی اے کے سابق سربراہ اور امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے سابق کمانڈر ڈیوڈ پیٹریاس نے ستمبر میں دی کرسچن سائنس مانیٹر کو پوڈکاسٹ انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ خطے میں امریکی فوجی اڈے اب ’قابل عمل نہیں رہے۔‘

مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی موجودگی کا مرکز ممکنہ طور پر مشرقی بحیرۂ روم کی طرف منتقل ہو سکتا ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب ڈیفنس پرائرٹیز کی فوجی اَمور کی تجزیہ کار جینیفر کاوناگ نے بحرین، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، قطر اور کویت میں امریکی فوجی اڈے بند کرنے کی تجویز دی ہے، لیکن انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہا ہے کہ اِن ممالک میں فوجی سہولتوں تک رسائی کے معاہدے برقرار رکھے جائیں، ضرورت کے وقت فوجیوں کی تعیناتی جاری رکھی جائے اور اُردن و عمان کی تنصیبات استعمال کی جائیں۔
خلیجی سلامتی کے اَمور کے محقق کرسٹیان الیگزینڈر نے ستمبر میں سٹمسن سینٹر میں شائع ہونے والی ایک تحقیق میں مؤقف اختیار کیا کہ بہترین حکمتِ عملی یہ ہے کہ فوجی اڈوں کو مختلف مقامات پر قائم کر کے اِن کا ایک نیٹ ورک قائم کیا جائے۔ چند اہم فوجی مراکز برقرار رکھے جائیں، جنہیں چھوٹی تنصیبات اور ضرورت کے مطابق عارضی فوجی تعیناتیوں کے ذریعے معاونت فراہم کی جائے۔
جیوش انسٹی ٹیوٹ فار نیشنل سکیورٹی آف امریکہ کے محقق جوناتھن روہے امریکی فوجی اثاثوں اور مشنز کو اسرائیل منتقل کرنے کے حامی ہیں۔ اُن کی تجویز کا مرکزی نکتہ اوودا ایئر بیس ہے، جہاں امریکی طیاروں کی تعیناتی کے لیے موزوں بنیادی ڈھانچہ موجود ہے، کئی سطحوں پر دفاعی نظام نصب ہیں اور امریکہ و اسرائیل کے درمیان فوجی تعاون بھی نسبتاً آسان ہے۔ اِس ادارے نے جنگ سے پہلے بھی وہاں امریکی لڑاکا طیاروں کی تعیناتی کے شواہد پیش کیے ہیں۔

متبادل انتظامات کرنے سے قبل ہی اگر فوجیوں کی تعداد کم کر دی گئی تو امریکی فوج کی عملی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

جوناتھن روہے کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا بنیادی فوجی ڈھانچہ ایران سے خلیجی فوجی اڈوں کی نسبت زیادہ فاصلے پر واقع ہے، چناں چہ وہ فضائی کارروائیوں، رسد کی فراہمی اور انٹیلی جنس سرگرمیوں کے مرکز کے طور پر زیادہ موزوں ہو سکتا ہے۔ تاہم اسرائیل بھی ایرانی میزائلوں کی زد میں ہے۔ ایران سے زیادہ فاصلے پر ہونے سے دفاع کے بعض پہلو بہتر ضرور ہو سکتے ہیں، لیکن اِس کا مطلب یہ نہیں کہ اسرائیل حملوں سے محفوظ ہو جائے گا۔ یہی اصول اِس صورت میں بھی لاگو ہوگا جب امریکی فوجی اڈے مشرقی بحیرۂ روم منتقل کیے جائیں گے۔
آئندہ کے لیے امریکہ کے پاس عمومی طور پر تین راستے ہیں۔
پہلا راستہ: موجودہ فوجی اڈوں کی تعمیرِ نو
یہ سب سے خطرناک راستہ ہوگا۔ اِس میں اہم فوجی اڈوں کو دوبارہ تعمیر کیا جائے گا، تاہم اُن مقامات پر فوجیوں کی بڑی تعداد جمع کرنے سے گریز کیا جائے گا جہاں حملے کا خطرہ زیادہ ہو۔ اِس کے ساتھ ہی حفاظتی حصار، مضبوط مورچے اور دفاعی انتظامات بہتر بنائے جائیں گے۔ اِن تنصیبات پر اگرچہ حملوں کا خطرہ برقرار رہے گا، لیکن اِس حکمت عملی سے امریکہ فوری جوابی کارروائی کی صلاحیت برقرار رکھ سکے گا اور جنگی علاقوں کے قریب بھی موجود رہے گا۔
دوسرا راستہ: امریکی فوج کو مختلف مقامات پر پھیلا دینا
اِس حکمت عملی کے تحت امریکی فوج کو خلیج کی منتخب تنصیبات، اُردن، اسرائیل اور مشرقی بحیرۂ روم میں قائم مختلف فوجی اڈوں پر تعینات کیا جائے گا، جب کہ رسد کے ذخائر اور دیگر معاون سہولتیں نسبتاً دور مقامات پر قائم کی جائیں گی۔ یوں امریکہ کسی ایک فوجی اڈے پر زیادہ انحصار کرنے سے بچ سکے گا۔
تاہم اس وسیع نیٹ ورک کے لیے سیاسی معاہدوں کی ضرورت ہوگی، تاکہ بحران یا جنگ کی صورت میں اِن تنصیبات کو استعمال کرنے کی اجازت حاصل ہو۔ علاوہ ازیں، فوجیوں اور سازوسامان کی نقل و حمل، دیکھ بھال اور مواصلاتی نظام کے اخراجات بھی بڑھ جائیں گے۔ متبادل انتظامات کرنے سے قبل ہی اگر فوجیوں کی تعداد کم کر دی گئی تو امریکی فوج کی عملی صلاحیت واقعی متاثر ہو سکتی ہے۔
تیسرا راستہ: مستقل فوجی تعیناتیوں میں بڑی کمی
اِس راستے کے سیاسی اثرات سب سے زیادہ دور رَس ہوں گے۔ امریکہ مستقل طور پر تعینات فوجیوں کی تعداد میں نمایاں کمی کر کے بحری قوت، طویل فاصلے تک کارروائی کرنے والے فضائی اثاثوں اور ضرورت پڑنے پر اضافی فوجی کمک بھیجنے پر زیادہ انحصار کر سکتا ہے۔

خلیجی ممالک اب اِس حقیقت کا ادراک  کرنے لگے ہیں کہ مستقبل میں انہیں اپنے علاقوں کے دفاع کی زیادہ ذمہ داری خود اُٹھانا پڑ سکتی ہے (فائل فوٹو: گیٹی)

اِس حکمتِ عملی سے امریکی فوجیوں کی کم تعداد مستقل طور پر حملوں کے خطرات سے دوچار رہے گی، تاہم خطے میں امریکی فوجی موجودگی کی مؤثر صلاحیت کم ہو جائے گی۔
دوسری جانب خلیجی ممالک کو صرف اپنی سرزمین پر قائم امریکی فوجی اڈوں کے مستقبل کی فکر نہیں، بلکہ اِس سے زیادہ تشویش امریکہ کی اپنے دفاع کی صلاحیت میں ممکنہ کمی پر ہے۔ امریکہ ہتھیار، انٹیلی جنس، مواصلاتی رابطے اور ضرورت پڑنے پر اضافی فوجی کمک فراہم کر سکتا ہے، لیکن خلیجی ممالک اب یہ حقیقت بھی سمجھنے لگے ہیں کہ مستقبل میں انہیں اپنے علاقوں کے دفاع کی زیادہ ذمہ داری خود اُٹھانا پڑ سکتی ہے۔

شیئر: