صومالیہ کا اماراتی سفیر کو ملک بدر کرنے کا فیصلہ قابلِ مذمت اور غیر ذمہ دارانہ ہے: متحدہ عرب امارات
متحدہ عرب امارات نے صومالیہ کی جانب سے اپنے سفیر کو ملک بدر کرنے کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ’اشتعال انگیز‘ اور ’دشمنی پر مبنی اقدام‘ قرار دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق صومالیہ نے جمعرات کے روز متحدہ عرب امارات کے سفیر کو 72 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا تھا، جبکہ اپنا سفیر بھی ابوظبی سے واپس بلا لیا۔
صومالیہ کے وزیرِ اطلاعات عبدالفتاح قاسم محمود کا کہنا ہے کہ ’یہ فیصلہ متحدہ عرب امارات کے اُن اقدامات کے جواب میں کیا گیا ہے جو ہمارے ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، قومی اتحاد، داخلی سلامتی اور آزادی کو متاثر کر رہے ہیں۔‘
متحدہ عرب امارات نے صومالی حکومت کے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ غیر ذمہ دارانہ مؤقف کی عکاسی کرتا ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوئے اور باہمی تعاون کمزور ہوا۔‘
اماراتی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ’ممالک کے درمیان تعلقات کو متاثر کرنے والے فیصلے مشترکہ مفادات کی بنیاد پر ہونے چاہییں اور انہیں سیاسی مفادات اور اندرونی تنازعات سے بالاتر رہنا چاہیے۔‘
بیان میں اس فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’صومالی حکومت اپنی اندرونی سیاسی کشمکش کو دوطرفہ تعلقات میں شامل کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جس سے دونوں برادر ممالک کے عوام کے مفادات متاثر ہو سکتے ہیں۔‘
واضح رہے کہ اس سے قبل رواں برس جنوری میں بھی دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی پیدا ہونے پر متحدہ عرب امارات نے موغادیشو میں اپنا سفارت خانہ بند کر دیا تھا اور سفارتی عملے کو واپس بلا لیا تھا۔
اس وقت امارات نے صومالیہ پر ’دشمنی پر مبنی پالیسی‘ اپنانے کا الزام عائد کیا تھا، جن میں دوطرفہ معاہدوں کی منسوخی کا فیصلہ بھی شامل تھا۔