میں زور زبردستی کی سیاست نہیں کرتا لیکن اپنی سوچ عوام کے سامنے رکھنا میرا حق ہے: بلاول بھٹو زرداری
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش بحران سے نمٹنے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اختلافات بھلا کر مل کر کام کرنا ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف کو اپنا پانچ سالہ دور مکمل کرنے کا موقع ملنا چاہیے، مولانا فضل الرحمان اور عمران خان کی جماعت کو بھی قومی مسائل کے حل کے لیے ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔
جمعے کو کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ’وزیراعظم شہباز شریف کو معاشی مسائل پر توجہ دینے اور اپنا ایجنڈا طے کرنے کا موقع نہیں دیا جا رہا، حکومت کے وزرا اپنے ایجنڈے پیش کرکے اصل موضوع سے توجہ ہٹا دیتے ہیں۔ میری خواہش ہے کہ شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم بنیں جو اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کریں۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’پاکستان نے اس نوعیت کا معاشی بحران ماضی میں نہیں دیکھا، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے حالات میں تمام سیاسی اختلافات اور لڑائیاں بھلا کر معاشی مسائل کے حل کو ترجیح دینا ہوگی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’آپ پسند کریں یا نہ کریں مولانا فضل الرحمان اپوزیشن بینچوں پر بیٹھے ہیں، آپ پسند کریں یا نہ کریں خان صاحب بھی سیاسی حقیقت ہیں، ان کے ارکان پارلیمان میں موجود ہیں اور اپوزیشن کی سب سے بڑی تعداد ان کے پاس ہے، اگر ہم نے مل کر مسائل کا مقابلہ کرنا ہے تو انہیں بھی ساتھ لے کر چلنا ہوگا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان سے میرے اپنے اختلافات اور شکایات ہیں، ماضی میں انہوں نے 70 70 روز تک لوگوں کو جیل میں رکھا اور فریال تالپور کو بھی جیل بھیجا، لیکن ذاتی انا، ضد اور انتقام کو ملکی مفاد سے زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے۔ پی ٹی آئی کو پارلیمان اور قائمہ کمیٹیوں میں واپس آکر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔‘
بلاول بھٹو نے کہا کہ ’عام طور پر پاکستان کی سیاست میں وزیراعظم کے لیے مشکلات پیدا کی جاتی ہیں اور انہیں عہدے سے ہٹانے کی کوشش کی جاتی ہے، لیکن میں ایسا نہیں کرنا چاہتا بلکہ وزیراعظم شہباز شریف کا ہاتھ مضبوط کرنا چاہتا ہوں تاکہ وہ ملک کے اصل مسائل پر توجہ دے سکیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’وزیراعظم شہباز شریف اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا گیا اور معیشت کے بنیادی اشاریوں کو مستحکم کیا گیا، اگلا مرحلہ معاشی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا تھا تاہم جنگ شروع ہونے کے باعث توجہ اس جانب مرکوز ہوگئی۔ وزیراعظم اور ان کی ٹیم امن کے قیام کے لیے کوششیں کر رہی ہے۔‘
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ’میں زور زبردستی کی سیاست نہیں کرتا، لیکن میرا حق ہے کہ اپنا مؤقف اس ملک اور عوام کے سامنے رکھوں۔ وزیراعظم کی مرضی ہے کہ وہ میری تجویز پر توجہ دینا چاہتے ہیں یا نہیں۔ ہم اپنی کوشش جاری رکھیں گے کہ عوام کے اصل مسائل کی طرف میڈیا، پارلیمان، سیاست دانوں اور حکومت کی توجہ دلائی جائے تاکہ عوام کی مشکلات اور پریشانیوں میں کمی آسکے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے عوام کو اس بات کی فکر نہیں کہ کتنے صوبے بنیں گے، انہیں روٹی اور مکان کی فکر ہے۔ معاشی مشکلات کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی کوشش درکار ہے، کوئی ایک یا دو سیاسی جماعتیں تنہا یہ کام نہیں کرسکتی۔‘
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ’پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور غریب، محنت کش، مزدور، کسان اور پسماندہ طبقے ہیں۔ موجودہ معاشی حالات میں حکومت کی توجہ اس بات پر ہونی چاہیے کہ محدود وسائل میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کیسے فراہم کیا جاسکتا ہے۔‘
