Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خمیس مشیط پر حملہ ناکام ، جازان میں گرائے گئے ڈرون کا ملبہ گھروں پر گرا

بارودی ڈرون کے ٹکڑے رہائشی علاقے میں بکھر گئے(فوٹو ٹوئٹر)
عرب اتحاد نے سنیچر کو حوثیوں کے ڈرون حملے کی ایک اور کوشش ناکام بنائی ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق خمیس مشیط کی طرف بھیجے جانے والے بارودی ڈرون کو راستے میں روک کر تباہ کردیا گیا۔
دوسری جانب سعودی عرب کے جازان ریجن میں سعودی ایئر ڈیفنس کی جانب سے  راستے میں روک کر تباہ کیے جانے والے باردوی ڈرون کا ملبہ علاقے میں گھروں اور دکانوں پر گرنے سے انہیں نقصان پہنچا ہے۔
 ایس پی اے کے مطابق جازان میں سول ڈیفنس ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان کرنل محمد الغامدی نے بتایا بارودی ڈرون کے ٹکڑے احد المسرہ گورنریٹ کے ایک رہائشی علاقے میں بکھر گئے تاہم ان سے کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ جمعے اورسنیچر کی درمیانی شب حوثی ملیشیا نے جازان کی طرف ڈرون داغا تھا۔
عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ ’ایران نواز ملیشیا سعودی عرب کی شہری آبادی، نجی املاک اور سرکاری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مستقل کوششیں کر رہی ہے‘۔

عرب اتحاد نے حوثیوں کے اس اقدام کو جنگی جرم قرار دیا ہے( فوٹو ٹوئٹر)

’اس کا یہ اقدام جنگی جرائم میں شمار ہوتا ہے نیز وہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی مسلسل خلاف ورزی کر رہی ہے‘۔
یاد رہے ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی مملکت پر مسلسل بارودی ڈرون کے حملے کر رہے ہیں۔
حوثی ملیشیا نے 2014 میں یمن کے دارالحکومت صنعا پر قبضہ کیا تھا اس وقت وہ مارب سمیت کئی محاذوں پر حکومت کے خلاف لڑ رہے ہیں۔
 

شیئر: