Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کا نام پنڈورا پیپرز میں شامل ہے؟

مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ پنڈورا پیپرز میں حکومت کی بدنامی سے توجہ ہٹانے کے لیے جنید صفدر کے خلاف سرکاری ٹی وی پر فیک نیوز چلوائی گئی (فوٹو: ٹوئٹر)
عالمی تحقیقاتی ادارے آئی سی آئی جے نے لاکھوں دستاویزات پر مشتمل نئی تحقیق پنڈورا پیپرز جاری کردیے ہیں۔
دنیا بھر کی بڑی شخصیات کے ساتھ ان پیپرز میں 700 پاکستانی بشمول سیاستدان، نزنس مین اور سابق فوجی افسران کے نام بھی شامل ہیں۔ ایسے میں اے آر وائی اور مبینہ طور پر پی ٹی وی نے یہ خبر چلائی کہ پنڈورا پیپرز میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی لیڈر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کا نام بھی شامل ہے۔
تاہم پنڈورا پیپرز کی تحقیقات میں شامل پاکستانی صحافی عمر چیمہ نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ جنید صفدر کا نام پنڈورا پیپرز میں شامل نہیں۔ مریم نواز نے اعلان کیا کہ اگر اے آر وائی اس خبر پر معافی نہیں مانگی تو وہ انہیں کورٹ لے جائیں گے۔
اینکرپرسن شفا یوسفزئی نے بھی اے آر وائی نیوز کا ایک اسکرین شاٹ شیئر کیا جس میں لکھا تھا کہ ’مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے نام 5 آف شور کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں۔‘
پاکستان کے وزیراطلاعات فواد چوہدری نے بھی اپنی ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ’علی ڈار جو نواز شریف کے داماد ہیں کے نام آف شور کمپنی کے بعد اب نئی اطلاعات یہ ہیں کہ مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے نام پر بھی پانچ آف شور کمپنیاں ہیں، اس خاندان کو کتنا پیشہ چاہیے؟‘
تاہم پاکستانی صحافی عمر چیمہ جو آئی سی آئی جے کی تحقیق کا حصہ تھے نے جیو نیوز کو بتایا کہ مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کا نام پنڈورا پیپرز میں شامل نہیں۔
جنید صفدر کی والدہ مریم نواز نے ایک ٹوئیٹ میں اس خبر کے حوالے سے لکھا کہ ’اگر اے آر وائی نے فوری اس جعلی خبر پر معافی نہیں مانگی تو میں انہیں کورٹ لے کر جاؤں گی۔‘
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جنید صفدر کے حوالے سے ’جھوٹی خبر‘ چلانے پر سرکاری چینل پی ٹی وی کے خلاف بھی قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پنڈورا پیپرز میں حکومت کی بدنامی سے توجہ ہٹانے کے لئے جنید صفدر کے خلاف سرکاری ٹی وی پر فیک نیوز چلوائی گئی جو قابلِ مذمت غیرقانونی حرکت ہے۔ ’جھوٹی، بے بنیاد اور فیک نیوز چلانے پر پی ٹی وی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کے لئے وکلاء کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔‘
جنید صفدر کے خلاف فیک نیوز چلانے والے معذرت کریں۔ پیمرا فیک نیوز چلانے پر عمران صاحب، فواد چوہدری، پی ٹی وی اور فیک نیوز چلانے والے چینلز کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی کرے۔‘

شیئر: