Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ سلمان کو پاکستان سمیت دیگر ممالک کے نئے سفرا نے اسناد سفارت پیش کیں

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سفرا کو خوش آمدید کہا ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی عرب کے برادر اور دوست ممالک کے سفرا نے پیر کو وڈیو رابطے کے ذریعے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اسناد سفارت پیش کی ہیں۔
اس موقع پر سعودی  وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کی موجودگی میں نئے سفرا کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔ 
سرکای خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اسناد سفارت پیش کرنے والوں میں برادر ملک پاکستان کے سفیر بلال اکبر، قطر کے بندر محمد عبداللہ عطیہ، عراق کے عبدالستار ھادی عبید الجنابی، ترکی کے فاتح اولوصوئے، سینیگال کے ماما دومامودو صال شامل ہیں۔

نئے سفرا کو خصوصی پروٹوکول دیا گیا۔ ( فوٹو ایس پی اے)

بیلاروس، انگولا، ایتھوپیا، نائجیریا، برونڈی، کوریا، یوروگوائے ، آسٹریلیا، گھانا، گبون، جرمنی، کروشیا، کمبوڈیا، نیوزی لینڈ، صومالیہ، کانگو، گوئٹے مالا، پانامہ، مالدووا، نارو ے، لیسوتو، کیوبا اور ارجنٹائن کے سفرا نے بھی اسناد پیش کی ہیں۔ 
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے سفرا کو خوش آمدید کہا اور برادر و دوست ممالک کے فرمانرواؤں اور قائدین کے لیے خیر سگالی کا پیغام دیا۔
انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ تمام  سفرا برادر اور دوست ملکوں کے ساتھ سعودی عرب کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے اور ایک دوسرے کی ترقی و خوشحالی میں تعمیری کردار ادا کریں گے۔
سفرا نے  شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو اپنے قائدین کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات پیش کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مملکت کے ساتھ اپنے ممالک کے تعلقات مضبوط بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔

شیئر: